نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان سےوطن روانہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
واپسی کا سفر
واپسی کا سفر

 

 

اسلام آباد:پاکستان کو افغانستان میں در پردہ کھیل کا ایک نقصان کرکٹ کے میدان پر ہوا ہے۔ کیونکہ آج نیوزی لینڈ کی ٹیم سیکیورٹی مسائل کی بنیاد پر وطن لوٹ گئی ۔اسلام آباد میں سخت ترین سیکیورٹی میں  کرکٹ سیریز منسوخ کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم وطن واپس روانہ ہوگئی ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں ایک ہفتے قیام کے بعد بغیر کوئی میچ کھیلے واپس گئی ہے۔  دورہ منسوخ کرنے کے بعد کیوی ٹیم کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سفر کے انتطامات کیے گئے۔ اسلام آباد کے فائیو سٹار ہوٹل سے لے کر ایئرپورٹ تک سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

جگہ جگہ پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے جبکہ ٹیم کو باکس سکیورٹی میں ایئرپورٹ روانہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں موٹروے کو بھی اسلام آباد ٹول پلازہ کے مقام سے بند کیا گیا جس کے باعث موٹروے پر بھی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم 18 سال بعد پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچی تھی۔ اس دوران ٹیم نے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن بھی حصہ لیا۔

جمعے کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ سے قبل نیوزی لینڈ نے سیریز منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پی سی بی کو آگاہ کر دیا۔

 پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچ 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول تھے۔ ان میچوں کے لیے 25 فیصد شائقین کرکٹ کو بھی سٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی گئی تھی۔

 ون ڈے سیریز کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچز 25، 26، 29 ستمبر، یکم اور 3 اکتوبر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونا تھے۔ خیال رہے کہ کیوی ٹیم نے آخری مرتبہ 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں پاکستان نے 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کیا تھا