نیرج چوپڑا سمیت11 کھلاڑیوں کو کھیل رتن دینے کی ہوئی سفارش

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-10-2021
 نیرج چوپڑا سمیت11 کھلاڑیوں کو کھیل رتن دینے کی ہوئی سفارش
نیرج چوپڑا سمیت11 کھلاڑیوں کو کھیل رتن دینے کی ہوئی سفارش

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

نیشنل اسپورٹس ایوارڈ کمیٹی نے اولمپک کے11 کھلاڑیوں کو کھیل رتن ایوارڈ دینے کی سفارش کی ہے۔

ان میں ایک اہم نام جیولین پھینکنے والے نیرج چوپڑا کا ہے،جنہوں نے ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستان کے لیے طلائی تمغہ جیتا تھا، انہیں سال 2021 کے میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ  دیے جانے کی سفارش کی گئی ہے۔

ان میں پانچ پیرا ایتھلیٹس شامل ہیں۔ گزشتہ سال کھیل رتنا ایوارڈ کے لیے 5 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا تھا۔ 2016 کے ریو اولمپکس کے بعد 4 کھلاڑیوں کو یہ اعزاز ملا۔ نیرج کے علاوہ روی دہیا (کشتی)، پی آر سریجیش (ہاکی)، لولینا بورگوہین (باکسنگ)، سنیل چھتری (فٹ بال)، میتھالی راج (کرکٹ)، پرمود بھگت (پیرا بیڈمنٹن)، سمیت انٹل (پیرا بیڈمنٹن) کے نام شامل ہیں۔

اونی لیکھرا (پیرا شوٹنگ)، کرشنا نگر (پیرا بیڈمنٹن) اور ایم ناروال (پیرا شوٹنگ) موجود ہیں۔

کمیٹی نے ارجن ایوارڈ کے لیے 35 کھلاڑیوں کے نام تجویز کیے ہیں۔

ان 35 کھلاڑیوں میں کرکٹر شیکھر دھون کا نام بھی شامل ہے۔ حال ہی میں ایوارڈ کا نام بدل گیا ہے۔

کھیل رتن ملک میں کھیلوں کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ اس سے قبل اس کا نام بھارت کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے نام پر رکھا گیا تھا۔ نریندر مودی حکومت نے حال ہی میں اس کا نام بدل کر میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ رکھ دیا ہے۔

وشواناتھن آنند پہلے کھیل رتن بنے۔ کھیل رتنا ایوارڈ کا آغاز 1991-92 سے ہوا تھا۔ پانچ بار کے عالمی چیمپئن وشواناتھن آنند کو پہلا کھیل رتن ایوارڈ دیا گیا۔ 2020 تک 43 کھلاڑیوں کو یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔