بہار کرکٹ لیگ:شکیب،رحمت اورشبیر کی نیلامی میں دھوم

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-03-2021
بہار کرکٹ لیگ
بہار کرکٹ لیگ

 

 

سراج انور/ پٹنہ

انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ہندستانی کرکٹ کی مقبولیت اور ملک میں موجود کرکٹ کی صلاحیتوں کے ظہور کا مرکزی نکتہ ہے- آئی پی ایل  ملک کو لاتعداد کرکٹ ٹیلینٹ دینے کے علاوہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی اپنا جلوہ دکھانے کا موقع دیتا ہے اور ساتھ ہی شائقین کے لئے تفریح کا ایک ذریعہ بھی۔

لیکن انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے آغاز سے پہلے اس بار بہار کرکٹ لیگ (بی سی ایل) کے میچز کھیلے جائیں گے ۔ 21 مارچ سے 27 مارچ تک منعقد ہونے والے بہار کرکٹ لیگ کے لئے آئی پی ایل کی طرز پر پہلی بار کرکٹرزکی بولی لگائی گئی ۔ کھلاڑیوں کی نیلامی کی اس تقریب میں ہندوستانی ٹیم کے سابق کرکٹر صبا کریم بھی موجود تھے۔ ان کے ساتھ 1983 ورلڈ کپ کی فاتح ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی مدن لال بھی اس تاریخی عمل کے شاہد بنے۔

نیلامی میں آئے بہار کے 245 کھلاڑیوں میں سے 100 کرکٹرز خریدے گئے ۔ پہلی بار بہار کے دور دراز کے چھوٹے چھوٹے قصبوں سے آنے والے کھلاڑیوں کو بھی نیلامی میں شامل کیا گیا۔ ان میں مہنگے ترین کھلاڑی پچاس ہزار میں خریدے گئے۔ پٹنہ پائلٹس نے شکیب الغنی کو ، بھاگل پور بولس نے رحمت اللہ ، دربھنگہ ڈائمنڈس نے شبیر خان کو 50-50 ہزارروپے میں خریدا۔ اس کے علاوہ ، مسلم کھلاڑیوں میں ایم. سرفراز اشرف پر ایوینجرز ، اشفاق احمد اور راشد اقبال پر بھاگل پور بولس ، امتیاز عالم اور کمال الدین پر دربھنگہ ڈائمنڈس ، ​​ثمر قادری اور خالد پر پٹنہ پائلٹس ، شبیر خان اور تبریز عالم پر گیا گلیڈیٹر نے بولی لگائی ۔

شکیب الغنی

شکیب الغنی مشرقی چمپارن کا رہائشی ہے اور اپنی بیٹنگ کے لئے مشہور ہے۔ 2019 میں وجئے ہزارے ٹرافی سے انہوں نے انے کیریر کو شروع کیا ۔ گذشتہ سال بی سی سی آئی کے زیر اہتمام انڈیا انڈر 23 ون ڈے ٹورنامنٹ میں پدوچیری کے خلاف بہار کی طرف سے بیٹنگ کرتے ہوئے غنی نے 139 گیندوں میں 146 رنز بنا کر ایک سنسنی پیدا کردی۔ شکیب الغنی اوپنر ہیں۔

شکیب الغنی

کرنل سی کے نائیڈو کرکٹ ٹورنامنٹ میں شکیب الغنی نے سکم کے خلاف ٹرپل سنچری بنا کر اپنی بیٹنگ کا لوہا منوایا ، اس میچ میں شکیب الغنی نے 45 چوکوں ، 3 چھکوں کی مدد سے 306 رنز بنائے۔ شکیب الغنی نے ٹی 20 کا آغاز رواں سال جنوری سید مشتاق علی ٹرافی سے کیا تھا۔ 21 فروری کے بعد کھیلے جارہے وجے ہزارے ٹرافی میں 21 سالہ دھماکہ خیز بلے باز شکیب نے بھی بہار کی ٹیم کے لئے شاندار بلے بازی کی ہے۔ کرکٹ میں ان کا اسٹار بہت اونچا ہے۔ بہار کرکٹ لیگ میں مہنگی ترین بولی لگا کر اسے پٹنہ پائلٹس نے خریدا ہے۔

محمد رحمت اللہ

ان کی کہانی عرفان پٹھان اور یوسف پٹھان سے مماثلت رکھتی ہے۔ ان کی طرح رحمت اللہ نے بھاگل پور بارہ پورہ عیدگاہ گراؤنڈ سے کرکٹ کھیلنا شروع کیا۔ ان کے بڑے بھائی بھی ایک کرکٹر تھے ۔ بھاگلپور میں انڈر 16 میں جلوہ بکھیرنے کے بعد انٹر کالج اور پھر انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹس میں بلے بازی شروع کی اور اپنی بیٹنگ کے باعث عوامی پذیرائی حاصل کی جس کے بعد انہوں نے نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

محمد رحمت اللہ

شبیر خان

سیوان کے شبیر خان کا تعلق کیف کرکٹ اکیڈمی سے ہے ۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ با لر شبیر کو بہار کا بریٹلی سمجھا جاتا ہے۔ پچھلے سال ، انہوں نے رنجی ٹرافی سے کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھا تھا اور اس سال وجے ہزارے ٹرافی کے لئے منتخب ہوئے ۔ چھوٹے شہر والا یہ کھلاڑی کرکٹ کی دنیا میں ایک بڑے اسٹار کے طور پر ابھر رہا ہے۔ دربھنگہ ڈایمنڈس نے ان پر سب سے زیادہ پچاس ہزار کی بولی لگائی ہے۔

شبیر خان

 


کل 100 کھلاڑی منتخب ہوئے

سات دن تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں 13 میچ کھیلے جائیں گے جس میں لیگ کے 10 میچ ، دو سیمی فائنل اور ایک فائنل ہو گا ۔ یہ میچ آرا ، گیا ، بھاگل پور ، دربھنگا اور پٹنہ میں ہوں گے۔

اس میں پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پٹنہ پائلٹس ، آرا ایونجرز ، بھاگل پور بلس ، دربھنگا ڈایمنڈس اور گیا گلیڈی ایٹرز شامل ہیں۔

آئی پی ایل کی فرنچائیزی کو یہاں ٹیلینٹ اسکاؤٹس بھیجنا چاہئے

بہار سے تعلق رکھنے والے کرکٹر اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ممبر صبا کریم نے اس لیگ کو بہار کرکٹ کے لئے سود مند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے لے کر مقامی کرکٹ کی ترقی سے ہی بہار میں کھلاڑیوں کا ٹیلینٹ باہر آئے گا ۔ اس تناظر میں یہ لیگ بہار کے کرکٹرز کے لئے ایک مثالی موقع ہے۔

انہوں نے بی سی اے پر زور دیا کہ وہ اس لیگ کو دیکھنے کے لئے آئی پی ایل کی فرنچائز کو ایک خط لکھیں تاکہ ان کے ٹیلنٹ اسکاؤٹ کو بھی یہاں کے کھلاڑیوں پر نگاہ رکھنے کے لئے بھیجا جا سکے۔

صبا نے بتایا کہ بہار میں پہلی بار اس طرح کے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اسی طرح ، لیگ کے لئے نیلامی بھی پہلی بار ہوئی ہے۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ بہار کے کھلاڑی بھی ترقی کریں گے اور بہار کا نام روشن ہوگا۔ جب بھی بہار کا کوئی کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھاتا ہے اور آگے بڑھتا ہے تو مجھے خوشی محسوس ہوتی ہے۔

یورو اسپورٹس چینل پر براہ راست ٹیلی کاسٹ

لیگ کے میچوں کا براہ راست ٹیلی کاسٹ یورو اسپورٹس چینل پر ہوگا۔ ہر ٹیم میں ایک سرپرست ہوگا ، جو بین الاقوامی سطح کا کرکٹر ہوگا۔ ان میں وینکٹیش پرساد ، سنت جیاسوریہ ، تلکارتنے دلشان ، آر پی سنگھ اور ڈینی ماریسن شامل ہیں۔

اس نیلامی سے سابق کرکٹر مدن لال بہت خوش نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیگ بہار کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا ایک بہترین موقع فراہم کرے گی۔ ایک کھلاڑی تب ہی بڑا ہوسکتا ہے جب اس کی صلاحیتوں کو بہتر پلیٹ فارم مہیا کیا جائے۔