محمد اظہر الدین۔ نئے کردار میں واپسی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-02-2021
 محمد اظہر الدین نیٹ پریکٹس میں
محمد اظہر الدین نیٹ پریکٹس میں

 

 

حیدرآباد ۔ ہندوستا نی کرکٹ کے سابق کپتان اور ونڈر بوائے محمد اظہر الدین اب ایک بار پھر سفید پوش کے کردار میں نظرآرہے ہیں۔

ایک طویل عرصے کے بعد اظہرالدین کوحیدرآباد میں میدان میں بچوں کو پریکٹس کےدوران مشورے دئیے اور بیٹنگ کے گر سیکھائے ۔ محمد اظہرالدین اب حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے) کے صدر ہیں،وہ انڈر19 کھلاڑیوں کے ساتھ جم خانہ گراؤنڈ میں پریکٹس کرتے نظر آئے ۔

ٹویٹر پر بات کرتے ہوئے اظہرالدین نے کہا یہ ابتدائی شام ہے ۔ آئندہ ونوو منکڈ ٹرافی کی تیاریوں کے طور پر حیدرآباد سے آنے والی کچھ اچھے ٹیلنٹ کے ساتھ جمخانہ میں نیٹ سیشنز کو میں سب سے زیادہ پسندکرتا ہوں۔ نیٹ سیشن کے بعد میں نے لڑکوں کے ساتھ بات چیت کی تاکہ کھیل کی اہمیت کو واضح کیا جاسکے۔

pic.twitter.com/eYPevtWaSS

اظہرالدین نے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ پیڈ پہنے ہوئے کھلاڑیوں سے بات چیت کی جارہی ہے۔ حالیہ دنوں میں حیدرآباد کی ٹیم کے انتخاب کی وجہ سے تنازعہ کھڑا ہوا ہے ۔ اس تنازعہ کا آغاز اس وقت ہوا جب سنیئر ٹیم کا انتخاب وجے ہزارے ونڈے ٹورنمنٹ کے لئے کیا گیا جس میں صرف دو سلیکٹرز اروند شیٹی اور انور احمد تھے۔اس کے بعد تنازعہ پیدا ہوا کہ مستحق کھلاڑیوں کو نظرانداز کیا گیا جس کےنتیجےمیں جم خانہ گراؤنڈ میں احتجاج ہوا بھی ہوا تھا ۔

واضح رہے کہ اظہر الدین نے تقریبا 16سال تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی اور تقریباً 10سال تک قومی ٹیم کی قیادت کی۔ان کا شمار ٹیم انڈیا کے کامیاب کپتانوں میں کیا جاتا ہے۔انہوں نے 3 ورلڈ کپ مقابلوں میں قیادت کی تھی۔ 1984میں اپنے کیرئیر کا آغاز کرتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف پہلے ہی 3 ٹسٹوں میں لگاتار تین سنچریاں بناکر ایک شاندار ریکارڈ قائم کیا تھا جو آج تک برقرار ہے۔2000میں میچ فکسنگ کے الزامات عائد کئے جانے کے بعد وہ کرکٹ سرگرمیوں سے کنارہ کش ہوگئے تھے۔

سال 2010 میں اے پی ہائی کورٹ نے فیصلہ دیتے ہوئے اظہر اور بی سی سی آئی سے کہا تھا کہ چونکہ سابق کپتان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے،لہٰذا اس معاملہ کو باہمی طور پر حل کرلیا جائے۔اظہر الدین نے بعد ازاں سیاسی میدان میں بھی قدم رکھا اور 2009میں مرادآباد سے رکن پارلیمان منتخب ہوئے تھے۔

پچھلے سال ہی محمد اظہر الدین حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن(ایچ سی اے) کے صدر کے باوقار عہدہ کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔ مگر اب حالات بدل رہے ہیں ،اظہر الدین کو ایسوسی ایشن کے بیشتر ممبران کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جب اس سلسلے میں ایک اہممیٹنگ جاری تھی تو اظہر الدین نے جیم خانہ میں انڈر ۔۱۹ کے لڑکوں کے ساتھ پریکٹس کو ترجیح دی۔

حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے) حالیہ دنوں میں سرخیوں میں رہا ہے جس میں زیادہ تر خبریں منفی ہی رہی ہیں جس میں خود صدر کا ٹوئیٹ بھی قابل ذکر ہے جس میں انہوں نے حیدرآباد کی آئی پی ایل ٹیم میں حیدرآبادی کسی بھی کھلاڑی کی عدم شمولیت پر افسوس کا اظہار بھی کیا لیکن جمخانہ گراؤنڈ پر اظہر الدین کی نوجوان کھلاڑیوں کی ترتیب دینے کاویڈیو کافی مقبول ہورہا ہے ۔