متالی راج ۔ ہندوستانی کرکٹ کی شان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-03-2021
ایک خاموش طوفان مگرنئی نسل کےلئے طاقتور پیغام
ایک خاموش طوفان مگرنئی نسل کےلئے طاقتور پیغام

 

 

منصور الدین فریدی ۔ نئی دہلی 

کرکٹ کی دنیا میں اگر کوئی صرف ”بھگوان‘‘ کا لفظ زبان پر لے آئے تو ہر کوئی سمجھ جاتا ہے کہ بات سچن تندولکر کی ہورہی ہے۔لیکن کرکٹ پر دیگر کھیلوں کی طرح مردوں کے غلبہ کے سبب ہم اس کا نام بھول جاتے ہیں جو کرکٹ کی دنیا میں کسی”دیوی“سے کم نہیں۔ جی ہاں!ہم بات کررہے ہیں متالی راج کی۔ہندوستانی خواتین کی کرکٹ میں سچن تندولکر کی ہم پلہ۔جس نے خواتین کی کرکٹ میں ہر اس مقام کو حاصل کیا ہے جو کسی وقت ناقابل تصور تھا۔ہندوستانی کرکٹ کی ’دیوی‘ نے خواتین کی کرکٹ کی ایورسٹ کو سر کرلیا ہے،اس نے انٹر نیشنل کرکٹ میں دس ہزار رنز بنا لئے ہیں۔ایک بڑا کارنامہ۔وہ ایک ایسا نام ہیں جس نے ٹیسٹ کرکٹ ہو ون ڈے یا پھر ٹی 20ہر فورمیٹ میں ہندوستان کی شان میں اضافہ کیا۔متالی۔جس کا راج اب ہندوستانی کرکٹ کیلئے ایک سنہرا دور بن گیا ہے۔جس نے عالمی کرکٹ میں ہندوستان کا ترنگا لہرایا اور بلکہ اپنے ملک میں بھی خواتین کرکٹ کی ایک پہچان بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ کےبعد وہ ون ڈے انٹر نیشنل کھیل رہی ہیں۔

دس نمبری متالی

متالی راج ہندوستانی خواتین کی ون ڈے ٹیم کی کپتان ہیں اور حال میں متالی بین الاقوامی کرکٹ میں دس ہزار یا اس سے زیادہ رنز بنانے والی دوسری خاتون کرکٹر اور ہندوستان کی پہلی کھلاڑی بن گئیں۔انہوں نے جنوبی افریقہ کے ساتھ تیسرے ون ڈے میں 46.73 کی اوسط کے ساتھ بھارت رتن شری اٹل بہاری واجپائی اسٹیڈیم میں اپنے کیریئر میں 10.100 رنز مکمل کئے۔

۔38سالہ متالی نے اب تک ون ڈے میچوں میں 50.53 کی اوسط سے 7669 رنز بنائے ہیں۔اس کے علاوہ 95ٹی ٹوئنٹی میں 2364 رنز اور 23ٹیسٹ میں 663 رنز بنائے ہیں۔انہوں نے اپنے کیریئر میں 75 نصف سنچریاں اور آٹھ سنچریاں بھی اسکور کی ہیں۔متالی نے ہندوستان کے لئے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں، جبکہ ٹیسٹ میں وہ سندھیا اگروال (1،110 رنز)، شانتھا رنگاسامی (750 رنز) اور شوبنگی کلکرنی (700 رنز) کے بعد چوتھی نمبر پر ہیں۔ انگلینڈ کی سابق کپتان شارلٹ ایڈورڈز واحد خاتون ہیں کرکٹرہیں، جو متالی سے قبل بین الاقوامی کرکٹ میں 10ہزارسے زیادہ رنز بنا چکی ہیں۔41 سال کی عمر میں، ایڈورڈز مئی 2016 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوئی تھی۔ انہوں نے 191 ون ڈے میں 5992 رنز اور 95 ٹی 20 میچوں میں 2605 رنز اور 23 ٹیسٹ میں 676 رنز بنائے۔

AWAW

ہندوستانی کرکٹ کو پہچان دینے والی متالی راج

پہچان بنانے کی جدوجہد

ایسا بھی بالکل نہیں ہے کہ متالی راج کا سفر ایک دم آسان، فکرسے اور کشیدگی سے پاک رہا ہے۔ متالی نے جب کرکٹ کھیلنا شروع کیا تھا ان دنوں بہت ہی کم لوگ جانتے تھے کہ خواتین بھی کرکٹ کھیلتی ہیں۔ ایک اور جہاں ملک میں کرکٹ کی مقبولیت مسلسل بڑھ رہی تھی، کرکٹ کا جادو لوگوں کے سر چڑھ کر بول رہا تھا، بہت سے لوگوں نے تو کرکٹ کو ہی اپنا مذہب مان لیا، وہیں دوسری جانب کچھ لوگ ایسے بھی تھے جن کے لئے یہ یقین کرنا مشکل تھا کہ خواتین بھی کرکٹ کھیلتی ہیں۔ اور عورتوں اور مردوں کا کھیل بالکل ایک جیسا ہے۔ اصول سارے ایک ہیں۔ میدان وہی ہیں۔ وہی چیلنج ہیں۔

متالی کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنائی، انہیں خود یہ پتہ نہیں تھا کہ ملک کی بڑی عمر کی عورت کرکٹر کون ہیں؟ وہ کیسی دکھتی ہیں؟ کیسا کھیلتی ہیں۔ ان کے نام کیا کیا ریکارڈ ہیں۔ سینئر ٹیم میں جگہ ملنے کے بعد ہی متالی کو اس وقت کی عظیم خاتون کرکٹرز - شانتا رنگاسوامی، ڈیانا ایڈلجی کے بارے میں جاننے کا موقع ملا۔

یہ وہی وقت تھا جب ہندوستان میں تقریبا ہر گھر میں تقریبا تمام لوگ ہندوستانی مرد کرکٹ ٹیم کے ہر نئے پرانے کھلاڑی کے بارے میں جانتے تھے۔ متالی کو اب بھی وہ دن اچھی طرح یاد ہیں جب وہ لڑکوں کے ساتھ پریکٹس کرنے جاتیں تو لڑکے کافی سخت اور چبھنے والے فقرے کستے۔ لڑکے اکثر کہتے، ارے! لڑکی ہے۔ آہستہ سے گیند پھیکو ورنہ اسے چوٹ لگ جائے گی۔ مشکل حالات میں متالی نے کرکٹ کا انتخاب کیا۔ اپنے اب تک کے سفر میں کبھی بھی صبر کا دامن نہیں چھوڑا۔ ہمت نہیں ہاری۔ ہر چیلنج کا سامنا کیا۔ مخالف حالات میں بھی اپنی قابلیت اور کامیابیوں سے خواتین کرکٹ کو ہندوستان میں قابل احترام بنانے میں بڑا اہم کردار نبھایا۔

AWAZ

ایک کرکٹ کا بھگوان اور ایک دیوی ۔ متالی راج اور سچن تندولکر۔

بین الاقوامی کرکٹ میں ظہور

صرف 16 سال کی عمر میں ہی متالی نے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلا۔ 26 جون، 1999 کو ملٹن کے کیمبل پارک میں کھیلے گئے اس میچ میں متالی راج نے ریشما گاندھی کے ساتھ اننگز کی شروعات کی تھی۔ اس میچ میں متالی نے ناٹ آؤٹ 114 رنز بنائے۔

ریشما نے بھی 104 رنز کی شاندار سنچری اننگز کھیلی۔ ہندوستانی ٹیم یہ میچ 161 رنز سے جیت گئی۔ اور اس میچ سے ہندوستانی کرکٹ کو ایک نیا ستارہ مل گیا۔ آگے چل کر متالی خواتین کرکٹ کے ون ڈے فارمیٹ میں 5000 رنز بنانے والی پہلی ہندوستانی خاتون بنیں۔ اب تک صرف دو ہی کھلاڑی خواتین ون - ڈے کرکٹ میں 5000 سے زیادہ رن بنا پائی ہیں۔ متالی سے پہلے سی ایم ایڈورڈز نے ون ڈے میں 5000 رنز مکمل کئے تھے۔متالی نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ 2002 میں کھیلا۔ 14 سے 17 جنوری کے درمیان لکھنؤ میں کھیلے گئے اس میچ میں متالی صفر پر آؤٹ ہو گئیں۔ لیکن آگے چل کر وہ خواتین ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری لگانے والی پہلی کرکٹر بنیں۔ ویسے ایک نہیں بلکہ کئی ریکارڈ متالی کے نام ہیں۔

سستی سے چستی تک کی

کہانی متالی کو محنت اور لگن کے سبب ملک کی نئی نسل کیلئے ایک مثال ہے۔اس کے کرکٹر بننے کی کہانی بھی دلچسپ ہے،اس کی سست مزاجی اور دیر تک سونے کی عادت سے بیزار والد نے جو کہ ایئر فورس میں کام کر چکے تھے۔انہوں نے اپنی بیٹی کو کرکٹر بنانے کی ٹھانی۔ وہ روز اسے کرکٹ اکیڈمی لے جانے لگے۔ اس کرکٹ اکیڈمی میں لڑکی کا بھائی روز پریکٹس کیا کرتا تھا۔ بھائی اسکول کی سطح کے کرکٹ ٹورنمنٹ بھی کھیلا کرتا تھا۔ شروع میں تو لڑکی نے کرکٹ اکیڈمی جاکر اپنے اسکول کا "ہوم ورک" کیا، لیکن والد کے کہنے پر اپنے بھائی کی دیکھا دیکھی بیٹ بھی تھام لیا اور نیٹ پریکٹس شروع کی اور دیکتے ہی دیکھتے ایسا رنگ جمایا کہ میدان پر کئی ریکارڈ اپنے نام کئے اپنے ملک کو کئی بار تاریخی جیت دلوائی۔

کامیابی قدموں میں

متالی جب صرف 14 سال کی تھیں، انہیں قومی ٹیم کے لئے "اسٹنڈ بائی" کھلاڑی بنا دیا گیا تھا،16 سال کی عمر میں ہی متالی نے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلا۔ہندوستانی ٹیم یہ میچ 161 رنز سے جیت گئی۔

متالی نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ 2002 میں کھیلا۔ 14 سے 17 جنوری کے درمیان لکھنؤ میں کھیلے گئے اس میچ میں متالی صفر پر آؤٹ ہو گئیں۔ لیکن آگے چل کر وہ خواتین ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری لگانے والی پہلی کرکٹر بنیں۔2010، 2011 اور 2012 یعنی تین مسلسل سال متالی آئی سی سی ورلڈ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر رہیں۔ ایسا کرنے والی بھی وہ پہلی ہندوستانی خاتون ہیں۔متالی نہ صرف ملک کی سب سے زیادہ کامیاب بلّے باز ہیں بلکہ سب سے زیادہ کامیاب کپتان بھی ہیں۔

متالی نے ٹیسٹ، ون ڈے اور 20-20 یعنی تینوں فارمیٹ میں خواتین کرکٹ ٹیم کپتانی کی ہے۔متالی کو ان کامیابیوں اور کرکٹ میں شراکت کے لئے حکومت "ارجن ایوارڈ" اور "پدم شری" سے بھی نواز چکی ہے،متالی خواتین کی طاقت کی علامت بن چکی ہیں اور ان کی کامیابی کی جو کہانی ہے وہ کئی لوگون کے لئے تحریک اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہے۔

AWAZ

 دیوانے ہزاروں ہیں ۔۔۔۔اپنے مداحوں کے ساتھ متالی

ڈانسر کے بجائے کرکٹر

بچپن میں کرکٹ کا بیٹ پکڑنے سے پہلے متالی 'بھرت ناٹیم' سیکھ رہی تھیں۔ وہ ڈانسر بننا چاہتی تھیں۔ ملک و بیرون ملک مختلف جگہ اپنے رقص-فن کا مظاہرہ کر لوگوں کو اپنا دیوانہ بنانا چاہتیں تھی۔ متالی نے چھوٹی عمر سے ہی اسٹیج پر رقص کرنا شروع کر دیا تھا۔مگر جب متالی نے کرکٹ کھیلنا شروع کیا تو آہستہ آہستہ رقص سے دور ہونے لگیں۔ پھر بھی کسی طرح وقت نکال کر وہ رقص کی مشق کر ہی لیتیں۔ مگر جب وہ کرکٹ ٹو رنامنٹ کھیلنے لگیں اور انہیں طویل دورے کرنے پڑتے، تب رقص کی مشق تقریبا نہ کے برابر ہو گئی۔ متالی کا رقص مشق چھوٹتا دیکھ کر ایک دن ان کی گرو نے ان کے سامنے ایک بڑا سوال کھڑا کر دیا۔ گرو نے متالی سے کرکٹ یا پھر رقص دونوں میں سے ایک کو منتخب کرنے کو کہا۔ کافی سوچنے کے بعد متالی نے رقص کو چھوڑ کر کرکٹ کو ہی اپنی زندگی بنانے کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلے کی گھڑی کو یاد کرتے ہوئے متالی کہتی ہیں "فیصلہ مشکل تھا، لیکن میں کرکٹ سے اس طرح جڑ چکی تھی کہ کرکٹ کو چھوڑ کر کچھ اور کرنا میرے بس سے باہر کی بات ہو گئی تھی۔" متالی کے مطابق۔اگر میں کرکٹ نہ کھیل رہی ہوتی تو اسٹیج پر رقص ہی کرتی۔ میں رقاصہ ہی ہوتی۔ جب میں نے رقص کے بجائے کرکٹ کو منتخب کیا تب میں نے اپنے "ارنگیٹرم" (کلاسیکی رقص کی رسمی تربیت ختم ہونے کے بعد اسٹیج پر کیا جانے والا پہلا رقص مظاہرہ) سے صرف دو مرحلے دور تھی۔ "اگرچہ متالی ڈانسر نہ بن پائی ہوں مگر بیٹ اورت بال کے ساتھ میدان پر جوہر دکھانے میں سب سے آگے نکل گئیں۔