یورو کپ:اٹلی بناچمپیئن

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 12-07-2021
 یورو کپ
یورو کپ

 

 

 لندن : 2018 کے لیے کوالیفائی نہ کرنے والی اٹلی کی ٹیم انگلینڈ کو شکست دے کر یورو کپ کی چیمپیئن بن گئی۔

اٹلی اور انگلینڈ کی ٹیم کے مابین ویمبلی اسٹیڈیم میں سخت مقابلہ ہوا اور پنالٹی شوٹس پر میچ کا فیصلہ ہوا اور اٹلی نے دوسری مرتبہ یوئیفا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ انگلینڈ نے سیمی فائنل میں اضافی وقت کے دوران ڈینمارک کو ایک کے مقابلے میں 2 گولز سے شکست دے کر فائنل میں انٹری دی تھی۔

کھیل کے آغاز کے دوسرے منٹ میں ہی انگلینڈ نے گول کرکے نفسیاتی برتری حاصل کی لیکن اٹلی کی جانب سے دوسرے ہاف کے 67 ویں منٹ میں بنوکی نے گول کرکے برابر کردیا۔ دونوں ٹیموں کے مابین جارحانہ مقابلہ رہا اور پہلے 90 منٹ میں ایک ایک گول سے برابر رہا جس کے بعد اضافی وقت میں بھی کوئی ایک ٹیم دوسری ٹیم پر برتری حاصل نہیں کرسکی تو معاملہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر پہنچ گیا۔ پنالٹی شوٹ میں اٹلی نے انگلینڈ کو شکست دے کر فٹبال کی یورپی چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔

اٹلی اور انگلینڈ کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن، شہزادہ ولیم، کیٹ مڈلٹن اور ننھے شہزادہ جارج بھی موجود تھے جبکہ دیگر اہم شخصیات میں ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز اور فٹبالر ڈیوڈ بیکھم بھی اسٹیڈیم میں آئے تھے۔

انگلینڈ کا چیمپئن بننے کا خواب پورا نہ ہوسکا۔ 1966 کا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد انگلینڈ کو پہلی مرتبہ بڑا ٹورنامنٹ جیتنے کا موقع ملا تھا۔ فائنل سے قبل لندن کے شہریوں کا جوش و خروش عروج پر پہنچ چکا تھا۔ پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی میچ دیکھا۔ فائنل کے آغاز سے قبل شام سے ہی لندن کی سڑکیں سنسان ہوگئی تھیں۔

ویمبلے اسٹیڈیم میں فائنل میچ کیلئے متعدد افراد رکاوٹیں پھلانگ کر ٹکٹ کے بغیر اسٹیڈیم میں داخل ہوگئے۔ جس کے باعث ٹکٹ خرید کر آنے والے متعدد شائقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید بدنظمی کے بعد انتظامیہ نے بغیر ٹکٹ گھسنے والے افراد کو تلاش کر کے اسٹیڈیم سے باہر نکالا۔ اس دوران پولیس اہلکاروں نے بھی اسٹیڈیم کے سیکورٹی اسٹاف کی مدد کی۔