لندن، 30 جون (پی ٹی آئی)
آسٹریلیا کے بیٹنگ لیجنڈ گریگ چیپل کا ماننا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے اپنی بولنگ اٹیک میں تنوع (ورائٹی) کی کمی کی قیمت چکائی۔ انہوں نے ارشدیپ سنگھ اور کلدیپ یادو کو ٹیم میں شامل کرنے کی وکالت کی ہے۔ چیپل نے کلدیپ کو "شین وارن کے بعد سب سے بہترین رسٹ اسپنر" قرار دیا۔پہلے ٹیسٹ میں بھارت کو ہیڈنگلے میں پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں بھارتی ٹیم نے آٹھ کیچ چھوڑے۔چیپل نے 'ای ایس پی این کرک انفو' میں اپنے کالم میں لکھا"ہیڈنگلے میں فیلڈنگ جتنی مایوس کن رہی، وہ شکست کی بنیادی وجہ نہیں تھی۔ زیادہ تر مسائل بھارتی ٹیم نے خود پیدا کیے۔ شاید سب سے مہنگی غلطی وہ نو بال تھی جس نے ہیری بروک کو دوسری اننگز میں جلد زندگی دے دی۔"
تاہم سابق آسٹریلوی کپتان کے مطابق بھارت کے دائیں ہاتھ کے میڈیم فاسٹ بولرز — محمد سراج، پرسید کرشنا اور شاردل ٹھاکر — کی یکسانیت فیلڈنگ سے بڑا مسئلہ ہے۔انہوں نے لکھا:میرے لیے سب سے زیادہ تشویش کی بات بولنگ اٹیک میں تنوع کی کمی ہے۔ جسپریت بمراہ کے علاوہ سب سیم بولرز ایک جیسے ہیں — دائیں ہاتھ کے، درمیانی رفتار کے، تقریباً ایک ہی زاویے سےبولنگ کرنے والے۔"وجہ یہی ہے کہ اکثر وکٹیں بولر کی تبدیلی پر گرتی ہیں۔ اس سے بیٹر کو دوبارہ ایڈجسٹ ہونا پڑتا ہے۔ یہ تنوع شبمن گل کو اپنی موجودہ بولنگ یونٹ میں میسر نہیں ہے۔76 سالہ سابق بھارتی کوچ نے بائیں ہاتھ کے سیم بولر ارشدیپ سنگھ اور رسٹ اسپنر کلدیپ یادو کو شامل کرنے کی تجویز دی تاکہ اٹیک میں توازن اور فرق پیدا ہو سکے۔اگر بمراہ دستیاب نہ ہوں، تو میں ارشدیپ سنگھ کو اس مکس میں شامل دیکھنا چاہوں گا اور کلدیپ یادو کو بھی، جو شاید شین وارن کے بعد بہترین رسٹ اسپنر ہیں۔"
ہیڈنگلے میں بمراہ نے 43.4 اوورز میں 140 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے برعکس شاردل ٹھاکر اور پرسیدھ کرشنا نے بالترتیب 16 اوورز میں 89 رنز اور دو وکٹیں، اور 35 اوورز میں 220 رنز اور پانچ وکٹیں لیں۔چیپل نے مزید کہاکہ اگرچہ بمراہ موجود ہیں، مگر باقی اٹیک کو زیادہ نظم و ضبط دکھانا ہوگا۔ میں نے دو گیندیں مسلسل خطرناک جگہ پر گرتی نہیں دیکھیں۔ وہ یا تو بہت فل تھیں، بہت شارٹ تھیں یا بہت باہر۔ بولرز کو بھی اتنی ہی پارٹنرشپ میں کام کرنا ہوتا ہے جتنی بیٹرز کو۔نگلینڈ کو صرف اتنا کرنا ہے کہ بمراہ کا اسپیل نکالیں، اور وہ جانتے ہیں کہ دباؤ ان کے ساتھ ہی ختم ہو جائے گا۔چیپل نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ کی اس سوچ پر بھی تنقید کی جس میں وہ بیٹنگ ڈیپتھ کو متوازن بولنگ اٹیک پر ترجیح دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اس بات سے اتفاق نہیں کرتا کہ ایک اضافی بیٹر جو کچھ بولنگ کر سکے، اسے ٹاپ آرڈر کی ناکامی کی انشورنس کے طور پر منتخب کیا جائے۔ ٹاپ چھ بیٹسمینوں پر رنز بنانے کے لیے بھروسہ ہونا چاہیے اور اس کے بعد کپتان کے پاس 20 وکٹیں لینے کی بہترین بولنگ کمبینیشن ہونا چاہیے۔لیڈز میں بھارت نے آل راؤنڈر رویندر جڈیجا کو واحد اسپنر کے طور پر کھلایا۔انگلینڈ کی کنڈیشنز میں جڈیجا فرنٹ لائن اسپنر نہیں ہیں۔ اگر ان کی بیٹنگ اتنی اہم سمجھی جاتی ہے، تو وہ سپورٹ اسپنر کا کردار ادا کر سکتے ہیں، ورنہ اس فیصلے پر دوبارہ غور ضروری ہے۔ اگر بھارت کو اس سیریز میں اپنی قسمت بدلنی ہے، تو زیادہ متوازن ٹیم منتخب کرنا ہوگ۔ اب دباؤ سلیکٹرز پر ہے۔ اگر بیٹرز اور بولرز کو رنز بنانے اور وکٹیں لینے کے لیے رسک لینا پڑتا ہے، تو سلیکٹرز کو بھی جراتمندانہ فیصلے کرنے ہوں گے۔"