کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جیت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 12-10-2021
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جیت
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جیت

 

 

دبئی :کیریبین آل راؤنڈر سنیل نارائن (21 رن پرچار وکٹ اور 26 رن) کی بہترین کارکردگی کی بدولت کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے رائل چیلنجرز بنگلورو کو پیر کے روز چار وکٹ سے شکست دے کر آئی پی ایل کے دوسرے کوالیفائر میں جگہ بنا لی ، جہاں بدھ کے روز اس کا مقابلہ دہلی کیپٹلز سے ہو گا ۔

اس شکست کے ساتھ ویراٹ کا بنگلورو کو ایک بار اپنی کپتانی میں چیمپئن بنانے کا خواب چکنا چور ہو گیا ۔

ویراٹ کی کپتانی میں بنگلورو کبھی بھی آئی پی ایل کا خطاب نہیں جیت سکا۔ ویراٹ اس ٹورنامنٹ کے بعد آئی پی ایل ٹیم کی کپتانی چھوڑ دیں گے۔ اس ٹورنامنٹ کے بعد متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد وہ ہندوستان کی ٹی 20 ٹیم کی کپتانی بھی چھوڑ دیں گے۔ کولکتہ نے بنگلورو کو 20 اوور میں سات وکٹوں پر 138 رن پر روکنے کے بعد 19.4 اوور میں چھ وکٹوں پر 139 رن بنا کر جیت حاصل کی ۔ کولکتہ کا بدھ کو ہونے والے دوسرے کوالیفائر میں شارجہ میں دہلی کیپیٹلز کے ساتھ مقابلہ ہو گا اور فاتح ٹیم فائنل میں چنئی سپر کنگز سے لڑے گی ۔

 ہدف کے تعاقب میں کولکتہ نے اچھی شروعات کی۔ شبمن گل اور وینکٹیش ایئر نے پانچ اوورز میں 41 رنز جوڑے۔ اس شراکت کو پرپل کیپ ہولڈر ہرشل پٹیل نے گل (29) کو آؤٹ کرکے توڑا۔ اس کے بعد یوزویندر چہل نے راہول ترپاٹھی (6) کو آؤٹ کرکے ٹیم کے لیے دوسری کامیابی حاصل کی۔ وینکٹیش ایئر (26) کو ہرشل پٹیل نے آؤٹ کیا۔ نتیش رانا (23) کی وکٹ چہل کے کھاتے میں آئی۔

پاور پلے تک کے کے آر کا اسکور 48/1 تھا۔ سنیل نارائن نے پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر اپنا کھاتہ کھولا اور انہوں نے ڈین کرسچین کے ایک اوور میں 3 چھکے لگائے۔ نتیش رانا اور سنیل نارائن نے چوتھی وکٹ کے لیے 20 گیندوں میں 31 رنز جوڑے۔ سنیل نارائن (26) اور دنیش کارتک (10) کو 18 ویں اوور میں محمد سراج نے آؤٹ کیا۔ محمد سراج نے آئی پی ایل میں اپنی 50 اور ٹی 20 کرکٹ میں 100 وکٹیں مکمل کیں۔

کوہلی کے لیے ڈی آر ایس کام آیا

 آر سی بی نے راہول ترپاٹھی کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی ، لیکن امپائر نے انہیں نوٹ آؤٹ دے دیا۔ اس کے بعد ویرات کوہلی نےڈی آر ایس لیا اور جائزے میں واضح طور پر نظر آرہا تھا کہ گیند پہلے پیڈ پر لگی اور ترپاٹھی (6) پویلین لوٹ گئے۔

کوہلی کا بطور کپتان آخری میچ

 فیز 2 شروع ہونے سے پہلے ویرات کوہلی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ-یہ آر سی بی کے کپتان کی حیثیت سے میرا آخری آئی پی ایل ہوگا۔ کے کے آر کے خلاف شکست کے ساتھ ہی کپتان کوہلی کا آر سی بی کے لیے کپتانی کا سفر بھی یہاں ختم ہوا۔ ویرات کو 2013 میں آر سی بی کا کپتان بنایا گیا تھا۔ ان کی قیادت میں ٹیم فائنل میں ضرور پہنچی لیکن ایک بھی ٹائٹل نہ جیت سکی۔ ویرات نے 140 میچوں میں آر سی بی کی کپتانی کی اور 64 میچ جیتنے میں کامیاب رہے۔ ٹیم کو 69 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 3 میچ برابر رہے اور 4 میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

 آر سی بی بڑا اسکور کر سکتا تھا

ٹاس جیتنے کے بعد پہلے کھیلتے ہوئے ، آر سی بی نے 20 اوورز کے کھیل میں 138/7 رنز بنائے۔ پہلے دس اوورز تک ٹیم کا اسکور دو وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز تھا اور خیال کیا جا رہا تھا کہ ٹیم بڑا ٹوٹل بنانے میں کامیاب ہو جائے گی اور کے کے آر کو سخت چیلنج دے گی ، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ بنگلور نے سنیل نارائن کے سامنے ایک کھلاڑی نہیں کھیلا۔ لوکی فرگوسن نے کے کے آر کے لیے پہلی کامیابی دیودت پڈکل (21) کو آؤٹ کرکے حاصل کی۔ نارائن نے اس کے بعد کپتان کوہلی (39) ، شریکر بھارت (9) ، ڈی ویلیئرز (11) اور میکس ویل (15) کی وکٹیں حاصل کیں۔

 کوہلی (901) شیکھر دھون (986) کے بعد ٹی 20 کرکٹ میں 900 چوکے لگانے والے دوسرے ہندوستانی بن گئے۔ سنیل نارائن (4/21) یہ تیسری بار ہے جب انہوں نے بنگلورو کے خلاف ایک اننگز میں چار وکٹیں حاصل کیں۔ یہ آٹھویں بار ہے جب نارائن نے ایک اننگز میں چار وکٹیں حاصل کیں۔ اس معاملے میں ، اس نے لسیتھ ملنگا (7) کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کے کے آر کا اگلا چیلنج دہلی سے۔

ایلیمینیٹر میں فتح کے ساتھ ، کے کے آر کوالیفائر میں داخل ہو گیا ہے۔ جہاں اب ٹیم 13 اکتوبر کو شارجہ گراؤنڈ پر دہلی کیپیٹلز کا مقابلہ کرے گی۔ اس میچ میں جیتنے والی ٹیم ٹورنامنٹ کا فائنل 15 اکتوبر کو چنئی سپر کنگز کے خلاف کھیلے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کا سفر کوالیفائر 2 میں ختم ہوگا۔

 رسل کو موقع نہیں ملا۔ کے کے آر کے اسٹار آل راؤنڈر آندرے رسل خراب فٹنس کی وجہ سے آج بھی پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں بنا سکے۔ یہ لگاتار پانچواں میچ ہے ، جب رسل پلیئنگ الیون میں انٹری نہیں کر سکے۔ شکیب الحسن کو ان کی جگہ ٹیم میں موقع دیا گیا ہے۔