کوہلی اور روہت شرما کی ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک؟

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-08-2025
 کوہلی اور روہت شرما کی ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک؟
کوہلی اور روہت شرما کی ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک؟

 



نئی دہلی : کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی اور روہت شرما نے حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم دونوں کھلاڑی اب بھی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سرگرم ہیں۔ اس وقت روہت شرما ہندوستانی ون ڈے ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ ویراٹ کوہلی ایک مرتبہ پھر شاندار فارم میں نظر آ رہے ہیں، مگر ایک تازہ رپورٹ کے مطابق دونوں کے لیے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں جگہ بنانا آسان نہیں ہوگا۔

روزنامہ دینک جاگران کی رپورٹ کے مطابق ویراٹ کوہلی اور روہت شرما میں سے کسی کو بھی ورلڈ کپ 2027 میں شمولیت کی ضمانت نہیں دی گئی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد آنے والے برسوں میں دونوں کا میچ ٹائم محدود ہو سکتا ہے، جو سلیکشن کمیٹی اور بی سی سی آئی کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لیے دونوں کھلاڑیوں کو رواں سال دسمبر میں شروع ہونے والی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ’وجے ہزارے ٹرافی‘ میں حصہ لینا ہوگا، بصورت دیگر ان کے لیے عالمی کپ کے دروازے کھلنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

رپورٹ میں ٹیم مینجمنٹ کے ایک ذریعے کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ "ویراٹ کوہلی اور روہت شرما ہمارے 2027 ورلڈ کپ پلان کا حصہ نہیں ہیں۔" مزید کہا گیا ہے کہ دونوں انگلینڈ کے دورے میں شامل ہونا چاہتے تھے لیکن سلیکٹرز نے انہیں بتا دیا کہ ان کے انتخاب کے امکانات کم ہیں، جس کے بعد انہوں نے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔

ہندوستان کی آئندہ ون ڈے سیریز اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف ہوگی، اور رپورٹ کے مطابق یہ ممکن ہے کہ دونوں اسٹار کرکٹرز اسی سیریز میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا اختتام کریں، کیونکہ اس مرحلے پر ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

حالیہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کپتان شبمن گل نے سلیکشن کمیٹی کا مزید اعتماد حاصل کیا ہے، اور کرکٹ حلقوں میں انہیں مستقبل میں تینوں فارمیٹس کی قیادت کے لیے موزوں سمجھا جا رہا ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار پرفارمنس اور ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کے بعد یہ امکان بڑھ گیا ہے کہ سلیکٹرز 2027 ورلڈ کپ کے لیے نئے کھلاڑیوں کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ میں کامیاب تبدیلی کے بعد یہی رجحان ون ڈے فارمیٹ میں بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے، جس سے ویراٹ کوہلی اور روہت شرما کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔