خالد جمیل نے سنبھال لی ہندوستانی فٹ بال ٹیم کی کوچنگ کی کمان

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 15-08-2025
خالد جمیل نے سنبھال لی ہندوستانی فٹ بال ٹیم کی کوچنگ کی  کمان
خالد جمیل نے سنبھال لی ہندوستانی فٹ بال ٹیم کی کوچنگ کی کمان

 



نئی دہلی :آل انڈیا فٹبال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) نے بدھ کو اعلان کیا کہ خالد جمیل کو سینئر مردوں کی قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ دو سال کے لیے مقرر کیا گیا ہے، جس میں نتائج کی بنیاد پر ایک سال کی توسیع کا اختیار بھی شامل ہے۔اے آئی ایف ایف کے مطابق، جمیل نے انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) کلب جمشیدپور ایف سی سے علیحدگی کے بعد معاہدے پر دستخط کیے۔ وہ 15 اگست کو بنگلورو میں دراوڑ-پڈکون اسپورٹس ایکسیلنس سینٹر میں پہلا تربیتی کیمپ شروع کریں گے۔

ان کا پہلا ٹورنامنٹ سی اے ایف اے نیشنز کپ ہوگا، جس میں ہندوستان 29 اگست کو میزبان تاجکستان، یکم ستمبر کو ایران اور 4 ستمبر کو افغانستان کا مقابلہ کرے گا۔اکتوبر کے فیفا ونڈو میں ہندوستان اے ایف سی ایشین کپ 2027 کوالیفائر کے دو اہم میچ سنگاپور کے خلاف (9 اور 14 اکتوبر) کھیلے گا۔

خالد جمیل نے کہا کہ مجھے قومی ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری ملنا باعثِ فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ برسوں تک ہندوستانی کھلاڑیوں کو کوچ کرنے سے میں نے ان کی طاقتوں اور کمزوریوں کو قریب سے سمجھا ہے، اور یہ تجربہ آئندہ مقابلوں میں ہماری تیاری کی بنیاد ہوگا۔وہ منولو مارکیز کے جانشین بنے ہیں، جن کا معاہدہ اے آئی ایف ایف نے گزشتہ ماہ ختم کیا تھا۔

خالد جمیل 2012 میں ساویو میڈیرا کے بعد پہلے ہندوستانی ہیں جو مردوں کی قومی ٹیم کے کوچ بنے ہیں۔ انہوں نے آئی ایس ایل اور آئی لیگ میں جمشیدپور ایف سی، نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ ایف سی، ایزوال ایف سی، ایسٹ بنگال ایف سی، موہن بگان اے سی اور ممبئی ایف سی جیسی ٹیموں کو کوچ کیا ہے۔ وہ 2016-17 میں ایزوال ایف سی کو تاریخی آئی لیگ ٹائٹل دلانے کے لیے مشہور ہیں۔48 سالہ جمیل کی حالیہ کوچنگ میں جمشیدپور ایف سی نے 2025 سپر کپ کا فائنل، 2024-25 آئی ایس ایل پلے آف کا سیمی فائنل اور 2024 سپر کپ کا سیمی فائنل کھیلا۔

بطور کھلاڑی، جمیل ہندوستان کے لیے 15 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ وہ مڈفیلڈر تھے اور 1997 کی سیف چیمپئن شپ میں نیپال میں ڈیبیو کیا، جہاں ہندوستان چیمپئن بنا۔ وہ 2002فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر اور 2001 مردیکا ٹورنامنٹ کے اسکواڈ کا حصہ بھی رہے۔کلب کیریئر میں انہوں نے مہندرا یونائیٹڈ کے ساتھ نیشنل فٹبال لیگ، دو فیڈریشن کپ اور دو آئی ایف اے شیلڈز جیتیں، جبکہ ایئر انڈیا اور ممبئی ایف سی کے لیے بھی کھیلا۔ سنتوش ٹرافی میں وہ مہاراشٹر کی نمائندگی کرتے ہوئے 1999 میں فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔

بھوٹیا کا ردعمل 

 سابق  فٹبال کپتان با ئیچنگ بھوٹیا نے کہا ہے کہ انہیں خالد جمیل کے لیے "افسوس" ہے کیونکہ انہوں نے ایسے وقت میں قومی فٹبال ٹیم کی کمان سنبھالی ہے جب ملک میں یہ کھیل مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) نے جمیل کو اس لیے ترجیح دی کیونکہ وہ زیادہ مطالبات کرنے والے کوچ نہیں ہیں۔جمیل، جنہوں نے ہسپانوی کوچ مانولو مارکیز کی جگہ لی، 13 برس بعد پہلے بھارتی کوچ ہیں جو سینئر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر ہوئے ہیں۔

بھوٹیا نے فیدل کاسترو صدی فٹبال کپ کے ایک نمائشی میچ کے بعد پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا:"ہمارے پاس دو ورلڈ کلاس کوچز تھے، ایگور اسٹیمک جو کروشیا کی ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں، اور مانولو مارکیز جن کی بہترین تاریخ ہے۔ اگر یہ دونوں کوچ فیڈریشن کے ساتھ کام نہیں کر سکے تو پھر آپ ایسے لوگوں کو لاتے ہیں جو فیڈریشن کی سنیں گے، اپنی رائے یا مطالبات نہیں رکھیں گے۔ جمیل چونکہ لوکل کوچ ہیں، اس لیے وہ اس زمرے میں آتے ہیں۔ مجھے ان پر افسوس ہے کہ وہ ایسے مشکل حالات میں ٹیم کی ذمہ داری لے رہے ہیں۔"جمیل کا انتخاب اسٹیفن کانسٹنٹائن اور اسٹیفن تارکووچ پر کیا گیا۔

اے آئی ایف ایف کے صدر کلیان چوبے پر تنقید کرتے ہوئے بھوٹیا نے کہا:"کلیان کے لیے یہ درست فیصلہ ہے کیونکہ بھارتی کوچز زیادہ مطالبہ نہیں کرتے۔ وہ خود بھی کہہ رہے ہیں کہ مالی مسائل ہیں اور آج فیڈریشن اس حالت میں ہے کہ کوچز کو تنخواہ دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔"چوبے نے حال ہی میں اعتراف کیا تھا کہ انڈین سپر لیگ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث کلب فٹبال بحران کا شکار ہے۔ اس پر بھوٹیا نے کہا:"وہ کہہ رہے ہیں کہ بحران ہے، لیکن یہ نہیں کہہ رہے کہ میں ہی اس فیڈریشن کا سربراہ ہوں جس نے یہ بحران پیدا کیا۔ اگر وہ حل نہیں کر سکتے تو کسی اور کو موقع دینا چاہیے جو یہ بحران ختم کر سکے۔"بھوٹیا اور چوبے کے درمیان ماضی میں بھی زبانی جھڑپیں رہ چکی ہیں۔

انہوں نے قومی اسپورٹس گورننس بل کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا:"یہ خوش آئند قدم ہے۔ امید ہے کہ اس سے شفافیت آئے گی اور درست لوگ درست مقام پر پہنچیں گے۔"اے آئی ایف ایف نے فیصلہ کیا ہے کہ انڈین سپر لیگ سے قبل سپر کپ کرایا جائے گا، تاہم بھوٹیا نے اس شیڈول پر بھی سوال اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان 29 اگست سے تاجکستان اور ازبکستان میں شروع ہونے والے سی اے ایف اے نیشنز کپ میں حصہ لے گا، لیکن فیڈریشن کو پہلے آئی ایس ایل، ایف ایس ڈی ایل اور نئے کوچ سے مشاورت کرنی چاہیے تھی تاکہ ٹورنامنٹ اور لیگ کے شیڈول میں ٹکراؤ نہ ہو۔بھوٹیا کے مطابق، اگر آئی ایس ایل نے اچانک آغاز کا اعلان کر دیا تو بہترین کھلاڑی کلبز کے لیے کھیلیں گے، جس سے قومی ٹیم کو نقصان پہنچے گا