ہبلی
جموں و کشمیر نے ہفتہ کے روز یہاں کرناٹک کے خلاف ڈرا ہونے والے فائنل میں پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر پہلی بار رنجی ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا خطاب جیت کر 67 سالہ انتظار ختم کر دیا اور تاریخ میں اپنا نام درج کرایا۔
جموں و کشمیر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 584 رنز بنائے، جس کے جواب میں کرناٹک کی ٹیم صرف 293 رنز ہی بنا سکی۔ اس طرح جموں و کشمیر کو 291 رنز کی برتری حاصل ہوئی اور اس نے کرناٹک کو فالو آن دینے کے بجائے دوسری اننگز کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
میچ کے پانچویں اور آخری دن جب جموں و کشمیر نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں پر 342 رنز بنا لیے، تو دونوں ٹیموں کے کپتان میچ ڈرا کرنے پر متفق ہو گئے، اور اس طرح جموں و کشمیر پہلی بار چیمپئن بن گیا۔
جموں و کشمیر نے صبح اپنی دوسری اننگز کا آغاز چار وکٹوں پر 186 رنز سے کیا۔ کامران اقبال اور ساحل لوترہ نے کرناٹک کو کوئی بھی کامیابی حاصل نہیں کرنے دی اور دونوں نے ناقابلِ شکست سنچریاں اسکور کیں۔
جب میچ ڈرا کرنے پر اتفاق ہوا، اس وقت صبح 94 رنز سے اپنی اننگز آگے بڑھانے والے اقبال 160 رنز اور لوترہ 101 رنز پر کھیل رہے تھے۔ لوترہ نے صبح اپنی اننگز 16 رنز سے آگے بڑھائی تھی۔ اس طرح جموں و کشمیر نے مجموعی طور پر اپنی برتری 633 رنز تک پہنچا دی۔
یہ جموں و کشمیر کا پہلا رنجی ٹرافی خطاب ہے، جو اس ٹیم کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے۔ اس طرح جموں و کشمیر نے رنجی ٹرافی جیتنے کا 67 سالہ طویل انتظار بھی ختم کر دیا۔