جامعہ ملیہ اسلامیہ: نشانہ بازوں کی شاندار کارکردگی، ریاستی چیمپئن شپ میں تمغے جیتے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-07-2026
جامعہ ملیہ اسلامیہ: نشانہ بازوں کی شاندار کارکردگی، ریاستی چیمپئن شپ میں تمغے  جیتے
جامعہ ملیہ اسلامیہ: نشانہ بازوں کی شاندار کارکردگی، ریاستی چیمپئن شپ میں تمغے جیتے

 



نئی دہلی:جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ نے ریاستی سطح کی شوٹنگ چیمپئن شپ میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے یونیورسٹی کے لیے کئی تمغے جیت لیے۔بی اے (آنرز) ہندی، سال سوم کے طالب علم اور جامعہ کے نشانہ باز عظیم نے نئی دہلی کی ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں 21 تا 30 جون 2026 کے دوران منعقد ہونے والی 49 ویں یو پی اسٹیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار تمغے اپنے نام کیے۔ انہوں نے 10 میٹر ایئر پسٹل سینئر مردوں کے ٹیم ایونٹ اور 50 میٹر فری پسٹل سینئر مردوں کے ٹیم ایونٹ میں دو طلائی تمغے حاصل کیے۔ اس کے علاوہ 50 میٹر فری پسٹل سینئر مرد انفرادی مقابلے میں چاندی کا تمغہ جبکہ 10 میٹر ایئر پسٹل سینئر مرد انفرادی مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتا۔

اسی طرح کمپیوٹر انجینئرنگ میں ڈپلومہ، سال سوم کے طالب علم آغا شیر خان نے 13 تا 19 جون 2026 کے دوران نئی دہلی کی ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں منعقد ہونے والی 41 ویں دہلی اسٹیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ میں 10 میٹر پسٹل جونیئر مرد انفرادی مقابلے میں کانسے کا تمغہ حاصل کرکے جامعہ کا نام روشن کیا۔

اس موقع پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف نے تمغہ جیتنے والے طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے نشانہ بازوں کی یہ نمایاں کامیابیاں ادارے کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں کھلاڑیوں کی مسلسل محنت، نظم و ضبط، خود اعتمادی اور اعلیٰ تربیت کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جامعہ کے یہ کھلاڑی آئندہ بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے یونیورسٹی کا نام روشن کریں گے۔

جامعہ کے مسجل پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے بھی کامیاب طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان اعزازات سے طلبہ کی محنت، عزم اور مسابقتی صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ اپنے طلبہ کو ایسا سازگار تعلیمی اور کھیلوں کا ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں فروغ دے سکیں۔ انہوں نے تمغہ جیتنے والے طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے گیمز اینڈ اسپورٹس کے اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر نفیس احمد نے کہا کہ کھلاڑیوں نے اپنی بہترین کارکردگی سے جامعہ کا وقار بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کامیابیاں دیگر طلبہ کے لیے بھی حوصلہ افزا ثابت ہوں گی اور انہیں یقین ہے کہ جامعہ کے یہ نشانہ باز مستقبل میں بھی اپنی درخشاں کارکردگی سے ادارے کے لیے مزید اعزازات حاصل کرتے رہیں گے۔