کولکاتا:آئی پی ایل 2026 میں رنکو سنگھ کی شاندار نصف سنچری اور انکُل رائے کے ساتھ 76 رنوں کی اہم شراکت نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو سیزن کی پہلی جیت دلادی۔ کولکاتا نے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں راجستھان رائلز کو چار وکٹوں سے شکست دی۔
اس جیت کے بعد کولکاتا پوائنٹس ٹیبل میں نویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔ ٹیم کے ایک جیت پانچ شکستیں اور ایک میچ بے نتیجہ رہا ہے جس کے ساتھ اس کے 3 پوائنٹس ہیں۔ راجستھان رائلز چوتھے مقام پر برقرار ہے۔
156 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں کولکاتا کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ جوفرا آرچر نے پہلی ہی گیند پر ٹم سیفرٹ کو صفر پر آؤٹ کردیا۔ دھرو جوریل کے شاندار کیچ کی بدولت اجنکیا رہانے بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ناندرے برگر نے اپنی پہلی وکٹ حاصل کی اور ٹیم کا اسکور 1.2 اوور میں 5 پر 2 ہوگیا۔
کیمرون گرین نے کچھ جارحانہ شاٹس کھیل کر دباؤ کم کرنے کی کوشش کی لیکن وہ 13 گیندوں پر 27 رن بناکر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت کولکاتا کا اسکور 4.3 اوور میں 37 پر 3 تھا۔
اس کے بعد اسپنرز نے کولکاتا کی بیٹنگ کو مزید نقصان پہنچایا۔ انگکرش رگھوونشی 10 روومن پاول 23 اور رامندیپ سنگھ 10 رن بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ رویندر جڈیجا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ 12.3 اوور میں ٹیم 85 پر 6 ہوگئی۔
15 اوور کے بعد کولکاتا کو جیت کے لئے 59 رن درکار تھے۔ اس موقع پر رنکو سنگھ اور انکُل رائے نے ذمہ داری سنبھالی اور میچ کا رخ بدل دیا۔ دونوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اہم شراکت قائم کی اور ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا۔
آخری دو اوور میں 21 رن درکار تھے۔ انکُل رائے نے جوفرا آرچر کے اوور میں چھکا لگا کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ آخری اوور میں رنکو سنگھ نے مسلسل دو چوکے لگا کر اسکور برابر کیا اور پھر چھکا لگا کر ٹیم کو جیت دلادی۔ انہوں نے 2023 کے بعد اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔
اس سے قبل راجستھان رائلز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ یشسوی جیسوال اور ویبھو سوریہ ونشی نے ٹیم کو اچھا آغاز دیا۔ پاور پلے میں ٹیم نے 63 رن بغیر کسی نقصان کے بنائے۔
ویبھو سوریہ ونشی نے 28 گیندوں پر 46 رن بنائے جبکہ یشسوی جیسوال نے 39 رن اسکور کیے۔ تاہم اس کے بعد کولکاتا کے گیندبازوں نے شاندار واپسی کی۔
ورن چکرورتی نے 3 وکٹیں لے کر راجستھان کی بیٹنگ کو نقصان پہنچایا جبکہ کارتک تیاگی نے بھی 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ سنیل نارائن نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں رکھا۔
راجستھان رائلز کی ٹیم 20 اوور میں 155 رن بناسکی۔ جواب میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے 19.4 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
مختصر اسکور
راجستھان رائلز 155 پر 9
کولکاتا نائٹ رائیڈرز 161 پر 6