آئی پی ایل :پنجاب کنگس کو سن رائزرس حیدرآباد کے ہاتھوں 33 رن سے شکست

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-05-2026
آئی پی ایل :پنجاب کنگس کو سن رائزرس حیدرآباد کے ہاتھوں 33 رن سے شکست
آئی پی ایل :پنجاب کنگس کو سن رائزرس حیدرآباد کے ہاتھوں 33 رن سے شکست

 



 حیدرآباد : سن رائزرس حیدرآباد نے بدھ کے روز انڈین پریمیئر لیگ کے میچ میں پنجاب کنگس کو 33 رن سے شکست دے دی۔ اگرچہ کوپر کونولی کی شاندار ناقابل شکست سنچری بھی پنجاب کو کامیابی نہ دلا سکی۔

کونولی نے ہدف کے تعاقب میں تنہا مزاحمت کرتے ہوئے 59 گیندوں پر ناقابل شکست 107 رن بنائے جن میں آٹھ چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔ کرک وِز کے مطابق وہ آئی پی ایل میں سنچری بنانے والے کم عمر ترین غیر ملکی کھلاڑی بن گئے۔

پنجاب کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور ابتدائی چار اوورز میں تین وکٹیں گرنے سے ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی۔ پریانش آریہ صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ پربھسمرن سنگھ تین رن بنا سکے۔ اس کے بعد کپتان شریاس ایئر بھی صرف پانچ رن بنا کر ایشان ملنگا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے اور پنجاب کا اسکور 3 اعشاریہ 2 اوور میں 23 رن پر تین وکٹ ہو گیا۔

ایک طرف وکٹیں گرتی رہیں لیکن 22 سالہ کوپر کونولی نے شاندار بیٹنگ جاری رکھی اور اپنی پہلی آئی پی ایل سنچری مکمل کی۔ انہیں مارکس اسٹوئنس نے 14 گیندوں پر 28 رن اور سوریانش شیڈگے نے 17 گیندوں پر 25 رن بنا کر کچھ دیر کا ساتھ دیا لیکن مطلوبہ رن ریٹ مسلسل 15 سے اوپر رہا۔

اسٹوئنس کے آؤٹ ہونے کے بعد کونولی اور شیڈگے کے درمیان 47 رن کی شراکت ہوئی لیکن بارہویں اوور میں پیٹ کمنز نے شیڈگے کو آؤٹ کر کے پنجاب کو 114 رن پر پانچ وکٹ کے نقصان سے دوچار کر دیا۔ ششانک سنگھ صرف پانچ رن بنا سکے جبکہ مارکو یانسن نے 16 گیندوں پر 19 رن کی اننگز کھیلتے ہوئے کونولی کے ساتھ 68 رن کی شراکت قائم کی۔

آخری اوور میں پنجاب کو جیت کے لیے 49 رن درکار تھے جو ناممکن ثابت ہوئے۔ کونولی نے 57 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور پنجاب کی ٹیم 202 رن پر سات وکٹ کے ساتھ اننگز ختم کر سکی۔

سن رائزرس حیدرآباد کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے بہترین بولنگ تبدیلیوں کے ذریعے پنجاب کو کبھی رفتار حاصل نہیں کرنے دی۔ کمنز نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شیوانگ کمار نے بھی دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ ثاقب حسین اور نتیش کمار ریڈی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کامیابی کے ساتھ سن رائزرس حیدرآباد آئی پی ایل 2026 کی پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ ٹیم نے 11 میچوں میں سات کامیابیاں حاصل کر کے 14 پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں جبکہ پنجاب کنگس 10 میچوں میں چھ فتوحات اور تین شکستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

اس سے قبل سن رائزرس حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 235 رن بنائے۔ ہینرک کلاسن نے 43 گیندوں پر ناقابل شکست 69 رن جبکہ ایشان کشن نے 32 گیندوں پر 55 رن کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ اوپنرز ٹریوس ہیڈ اور ابھیشیک شرما نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔

پنجاب کے کپتان شریاس ایئر نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا کیونکہ اپل کی فلیٹ پچ پر سن رائزرس کے بلے بازوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

ابھیشیک شرما نے صرف 13 گیندوں پر 35 رن بنائے جن میں چار چھکے شامل تھے جبکہ ٹریوس ہیڈ نے 19 گیندوں پر 38 رن اسکور کیے۔ پاور پلے کے اختتام تک سن رائزرس کا اسکور 79 رن تھا۔

یوزویندر چہل نے ٹریوس ہیڈ کی وکٹ حاصل کی لیکن تب تک سن رائزرس مضبوط بنیاد رکھ چکی تھی۔ سات اوورز کے بعد ٹیم کا اسکور 86 رن پر دو وکٹ تھا۔

بعد ازاں ایشان کشن اور ہینرک کلاسن نے اننگز کو سنبھالا۔ ایشان کشن نے تین کیچ ڈراپ ہونے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 55 رن بنائے جن میں چار چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔

کلاسن نے آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور 43 گیندوں پر ناقابل شکست 69 رن بنا کر اننگز ختم کی۔ ان کی اننگز میں چار چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ دونوں کے درمیان 48 گیندوں پر 88 رن کی شراکت قائم ہوئی۔

آخر میں نتیش کمار ریڈی نے صرف 13 گیندوں پر ناقابل شکست 29 رن بنا کر ٹیم کا اسکور مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے کلاسن کے ساتھ 32 گیندوں پر 63 رن کی شراکت قائم کی۔

پنجاب کی بولنگ خاصی مہنگی ثابت ہوئی۔ مارکو یانسن نے چار اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے 61 رن دیے۔ یوزویندر چہل واحد بولر رہے جنہوں نے کسی حد تک رنز پر قابو رکھا اور ایک وکٹ کے ساتھ 32 رن دیے۔ ارشدیپ سنگھ۔ لاکی فرگوسن اور وجے کمار وشاک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی لیکن آخری اوورز میں رنز کے بہاؤ کو نہ روک سکے۔