دھونی کی بطور کپتان واپسی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 30-04-2022
آئی پی ایل :چنئی کی خراب پرفارمنس، دھونی کی بطور کپتان واپسی
آئی پی ایل :چنئی کی خراب پرفارمنس، دھونی کی بطور کپتان واپسی

 

 

آواز دی وائس :دفاعی چیمپیئن چنئی سپر کنگز کی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے رواں سیزن میں خراب پرفامنس پر کپتان رویندر جڈیجا کے استعفے کے بعد مہندر سنگھ دھونی نے ٹیم کی قیادت سنبھال لی ہے۔

فرنچائز کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’جڈیجا نے کھیل پر توجہ دینے اور پرفارمنس میں اضافے کے لیے کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور ایم ایس دھونی سے درخواست کی کہ وہ سی ایس کے کی قیادت کریں۔ ’

ایم ایس دھونی نے وسیع تر مفاد میں سی ایس کے کی قیادت کرنا اور جڈیجا کو کھیل پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع دینا قبول کر لیا ہے۔‘ 40 سالہ دھونی نے 26 مارچ کو ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کا 15 ویں ایڈیشن شروع ہونے سے دو دن قبل کپتان کا عہدہ چھوڑ دیا تھا، جس کے بعد بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے آل راؤنڈر جڈیجا چار بار کی چیمپیئن فرنچائز کے کپتان بن گئے۔

تاہم 33 سالہ جڈیجا کی کپتانی میں چنئی سپر کنگز نے پہلے چار میچ ہارے اور اب تک آٹھ میں سے صرف دو میچ جیتے ہیں۔ وہ 10 ٹیموں کے ٹیبل میں نیچے اور صرف ممبئی انڈینز سے دو درجے اوپر ہیں جس نے کوئی میچ نہیں جیتا۔ ان کی واحد جیت رائل چیلنجرز بنگلور اور ممبئی کے خلاف ہوئی جہاں دھونی نے آخری چار گیندوں پر 16 رنز بنائے۔

ان کی قیادت میں چنئی 2008 میں لیگ شروع ہونے کے بعد سے آئی پی ایل کی سب سے کامیاب ٹیموں میں سے ایک بن گئی اور ٹائٹل جیتنے کے علاوہ ان کے پاس پانچ رنرز اپ ٹرافیاں بھی ہیں۔

دھونی، جنہوں نے 2017 میں بھارت کی آل فارمیٹ کپتانی چھوڑی تھی، ایک لیڈر اور وکٹ کیپر بلے باز کے طور پر چنئی کی ریڑھ کی ہڈی بنے ہوئے ہیں۔ وہ شائقین کو مالدار لیگ میں کھینچ لانے والے بہت بڑے کھلاڑی ہیں۔ ان کی کپتانی میں چنئی نے آئی پی ایل کے 204 میچز میں سے 121 جیتے اور 2010 اور 2014 میں دو چیمپیئنز لیگ ٹی 20 ٹائٹل جیتے۔ بعد میں یہ ٹورنامنٹ ختم کر دیا گیا۔ چنئی سپر کنگز اگلا میچ اتوار کو پونے میں سن رائزرز حیدرآباد سے کھیلے گی۔ اسے پلے آف میں جگہ بنانے کے لیے اپنے بقیہ میچ بڑے مارجن سے جیتنے ہوں گے۔