رانچی: جیولن تھرو کھلاڑی ماریہ کو مالی مدد کی ہے ضرورت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 28-06-2022
رانچی: جیولن تھرو کھلاڑی ماریہ کو مالی مدد کی ہے ضرورت
رانچی: جیولن تھرو کھلاڑی ماریہ کو مالی مدد کی ہے ضرورت

 

 

آواز  دی وائس، نئی دہلی

ریاست جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی کی بین الاقوامی جیولن تھرو کھلاڑی ماریہ گوروتی کھلکھو آج قرض اور پھیپھڑوں کی بیماری سے لڑ رہی ہیں۔ انہوں نے شادی تک نہیں کی ہے، کیونکہ انہوں نے اپنی پوری زندگی کھیل کے لیے وقف کر دی تھی۔

سنہ1970 کی دہائی میں انہوں نے ایک درجن قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لے کر سونے اور چاندی کے متعدد تمغے حاصل کیے۔ اعلیٰ سطح پر مقابلہ کرنے کے بعد، انہوں نے اپنی زندگی کے تقریباً 30 سال دوسرے کھلاڑیوں کو جیولین تھرو کی تربیت دینے میں گزارے۔

آج وہ پھیپھڑوں کی بیماری کی وجہ سے ہانپ رہی ہیں اور ہر وقت بستر پر پڑی رہتی ہیں۔انہیں چلنے کے لیے بھی سہارے کی ضرورت ہوتی ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ آج اپنے دور کے ایک نامور کھلاڑی کے پاس اپنے لیے دوا اور کھانا خریدنے کے لیے پیسے بھی نہیں ہیں۔

ماریہ اس وقت رانچی کے نمکم علاقے میں اپنی بہن کے گھرپر رہتی ہیں۔ ان کی بہن کی مالی حالت بھی اچھی نہیں ہے۔ پچھلے چند مہینوں میں ان کی طبیعت اس قدر بگڑ گئی تھی کہ وہ پانی کا گلاس بھی نہیں اٹھا پا رہی تھیں۔

فروری2022 میں جب ماریہ کی غربت کی خبر شائع ہوئی تو جھارکھنڈ کے محکمہ کھیل نے اسے فوری طور پر 25,000 روپے کی امداد دی۔ لیکن یہ ناکافی ثابت ہوا ہے۔ اس سے قبل محکمہ نے ماریہ کو اپنی بیماری سے لڑنے میں مدد کے لیے اسپورٹس مین ویلفیئر فنڈ سے ایک لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی تھی لیکن مہنگی ادویات اور علاج کی وجہ سے یہ رقم جلد ہی ختم ہوگئی۔

64 سالہ سابق کھلاڑی کو بڑھاپے کی پنشن بھی نہیں ملتی ہے۔ ڈاکٹروں نے ماریہ کو دودھ پینے، انڈے کھانے اور غذائیت سے بھرپور کھانا کھانے کا مشورہ دیا ہے لیکن جب وہ دن میں دو وقت کا کھانا نہیں کھا سکتی تو وہ غذائیت سے بھرپور کھانا کیسے خریدیں گی؟

ان کی دوائیوں پر ہر ماہ 4000 روپے سے زیادہ خرچ ہوتا ہے۔ ماریہ پھیپھڑوں کی بیماری شروع ہونے کے بعد سے ایک لاکھ روپے سے زیادہ کا مقروض ہے۔ ماریہ بچپن سے ہی ایتھلیٹ بننا چاہتی تھیں۔ 1974 میں جب وہ آٹھویں جماعت کی طالبہ تھیں، انہوں نے قومی سطح کے جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ انہوں نے آل انڈیا رورل سمٹ میں جیولین تھرو میں بھی طلائی تمغہ جیتا تھا۔

سنہ1975 میں، انہوں نے منی پور میں منعقدہ قومی اسکول مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ 1975-76 میں جب جالندھر میں انٹرنیشنل جیولن میٹ کا انعقاد کیا گیا تو ماریہ نے دوبارہ گولڈ میڈل جیتا۔ 1976-77 میں بھی انہوں نے کئی قومی اور علاقائی مقابلوں میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا۔

سنہ1980 کی دہائی میں انہوں نے کوچنگ کا رخ کیا۔ 1988 سے 2018 تک، انہوں نے جھارکھنڈ کے لاتیہار ضلع کے مہوڈنار میں گورنمنٹ ٹریننگ سنٹر میں 8,000 سے 10,000 روپے ماہانہ کی تنخواہ پر بطور کوچ کام کیا۔

ملازمتیں کنٹریکٹ پر تھیں، اس لیے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ماریہ کے پاس تقریباً کوئی پیسہ نہیں بچا تھا۔ ماریہ سے جیولن تھرو کی تکنیک سیکھنے والے یاشیکا کجور، امبریشیا کجور، پرتیما کھلکھو، ریما لکرا جیسی کئی ایتھلیٹس نے ملک اور بیرون ملک کئی مقابلوں میں تمغے جیتے ہیں۔

جھارکھنڈ گریپلنگ ایسوسی ایشن کے سربراہ پروین سنگھ کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سابق کھلاڑیوں کی مدد کے لیے کئی اعلانات کرنے کے باوجود ان کی مدد کے لیے کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں بنایا جا سکا۔ پروین سنگھ نے مزید کہا کہ جب میڈیا ایسے کھلاڑیوں کی حالت زار کا مسئلہ اٹھاتا ہے تو انہیں ضروری مدد ملتی ہے۔