ہندوستانی نژاد تحسین محمد جمشید فیفا ورلڈ کپ میں قطر کی کریں گے نمائندگی

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-06-2026
ہندوستانی نژاد  تحسین محمد جمشید فیفا ورلڈ کپ میں قطر کی کریں گے نمائندگی
ہندوستانی نژاد تحسین محمد جمشید فیفا ورلڈ کپ میں قطر کی کریں گے نمائندگی

 



نئی دہلی :: فٹ بال کی دنیا میں خوابوں کی تعبیر کی کئی داستانیں ملتی ہیں لیکن کیرالا سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کی یہ کہانی ان سب میں منفرد ہے۔ دوحہ کے مقامی اسٹیڈیموں میں اپنے والد کو فٹ بال کھیلتے دیکھنے والا ایک بچہ آج دنیا کے سب سے بڑے فٹ بال مقابلے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں قطر کی نمائندگی کے لیے تیار ہے۔ 19 سالہ تحسین محمد جمشید کا قطر کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں انتخاب نہ صرف ان کے لیے بلکہ دنیا بھر میں آباد کیرالا اور ہندوستانی برادری کے لیے بھی فخر کا باعث بن گیا ہے۔

کیرالا کے ضلع کنور سے تعلق رکھنے والے والدین کے ہاں قطر میں پیدا ہونے والے تحسین محمد جمشید کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے قطر کی قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ فٹ بال کے سب سے بڑے عالمی مقابلے میں شرکت کرنے والے اولین ملیالی نژاد کھلاڑیوں میں شمار ہوں گے۔ تحسین اس وقت قطر اسٹارز لیگ کے معروف کلب الدحیل کے لیے کھیلتے ہیں اور قطر کے مشہور اسپائر اکیڈمی نظام کے تحت تربیت حاصل کر چکے ہیں جسے ملک میں فٹ بال ٹیلنٹ کی نرسری سمجھا جاتا ہے۔

تحسین کے والد جمشید تھاچن کنڈی کا تعلق کیرالا کے تاریخی شہر تلشیری سے ہے جبکہ والدہ شیما کنور کے علاقے ولاپٹنم سے تعلق رکھتی ہیں۔ جمشید خود بھی ایک باصلاحیت فٹ بالر رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانی میں اعلیٰ سطح پر فٹ بال کھیلا لیکن ایک انجری نے ان کے کھیل کے سفر کو مختصر کر دیا۔ بعد میں بہتر مستقبل کی تلاش میں وہ 1996 میں اپنی اہلیہ کے ساتھ قطر منتقل ہو گئے جہاں انہوں نے نئی زندگی کا آغاز کیا۔

تحسین کی فٹ بال کہانی بھی غیر معمولی انداز میں شروع ہوئی۔ جب وہ صرف چار برس کے تھے تو جمعے کے دن اپنے والد کے ساتھ مقامی اسٹیڈیموں میں جایا کرتے تھے۔ قطر میں جمعہ تعطیل کا دن ہوتا تھا اور جمشید اپنے دوستوں اور ساتھیوں کے ساتھ فٹ بال کھیلنے اسٹیڈیم کا رخ کرتے تھے۔ ننھے تحسین اکثر ڈگ آؤٹ کے قریب بیٹھ کر اپنے والد اور ان کے دوستوں کو کھیلتے ہوئے دیکھا کرتے تھے۔

جمشید ان دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہتے ہیں۔"وہ ڈگ آؤٹ کے قریب بیٹھا رہتا تھا۔ بعد میں وہ مجھ سے اور میرے دوستوں سے کہتا کہ اس کے ساتھ ڈربلنگ کریں اور اسے فٹ بال سکھائیں۔ دراصل یہی اس کے فٹ بال سفر کا پہلا قدم تھا۔تحسین کی کامیابی کے پیچھے ان کے والد کی اپنی ایک ادھوری کہانی بھی پوشیدہ ہے۔ 1992 میں جمشید نے کیرالا کے مشہور فٹ بالر جو پال اینچیری کے ساتھ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس دور میں انہیں اعلیٰ سطح پر کھیلنے کے مواقع بھی ملے لیکن زندگی کی ترجیحات اور دیگر ذمہ داریوں نے انہیں مختلف راستہ اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔

آج تین دہائیوں سے زائد عرصے بعد ان کا بیٹا فیفا ورلڈ کپ کے لیے قطر کی 26 رکنی ٹیم کا حصہ بن چکا ہے۔ 2006 میں فرانس کی نمائندگی کرنے والے ہندوستانی نژاد وکاش دھوراسو کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کسی ہندوستانی نژاد کھلاڑی کو فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کا موقع ملا ہے۔

اپنے بیٹے کی کامیابی پر جذباتی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے جمشید کہتے ہیں۔"اپنے بیٹے تحسین کو قطر کے لیے فیفا ورلڈ کپ کھیلتے دیکھنا میرے خواب کی تعبیر جیسا ہے۔ یہ ہم سب کے لیے ایک بہت خاص لمحہ ہے۔تحسین کا فٹ بال سفر مرحلہ وار ترقی کی ایک شاندار مثال ہے۔ ڈگ آؤٹ کے قریب بیٹھ کر کھیل دیکھنے والے اس بچے نے سب سے پہلے شیخ فیصل بن قاسم اسپورٹس اکیڈمی میں قدم رکھا۔ وہاں اس کی صلاحیتوں نے کوچز کو متاثر کیا اور 2017 میں اسے الدحیل اسپورٹس کلب کی سب جونیئر ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔

اس کے بعد تحسین نے قطر کی مشہور اسپائر اکیڈمی میں داخلہ لیا جہاں ملک کے بہترین نوجوان کھلاڑی تیار کیے جاتے ہیں۔ یہی وہ ادارہ ہے جہاں موجودہ قطری قومی ٹیم کے بیشتر ستارے پروان چڑھے ہیں۔تحسین کے والد کے مطابق ان کے بیٹے کی دنیا صرف فٹ بال کے گرد گھومتی تھی۔وہ ہر وقت فٹ بال ہی کی بات کرتا تھا۔ فارورڈ کے طور پر کھیلنے کے علاوہ وہ بائیں اور دائیں دونوں ونگز پر بھی کھیلتا تھا۔

شیخ فیصل اکیڈمی کے کوچز نے کم عمری میں ہی اس کی غیر معمولی صلاحیتوں کو پہچان لیا تھا۔ الجزائر سے تعلق رکھنے والے دو کوچز نے خصوصی طور پر اس کی تربیت کی اور گھنٹوں اس کی اٹیکنگ رنز۔ پوزیشننگ۔ زاویوں اور گیند کے بغیر حرکت پر کام کیا۔ یہی محنت بعد میں اس کے کھیل کی بنیاد بنی۔تحسین نے 2023 میں قطر کی انڈر 17 ٹیم کے لیے پہلا بین الاقوامی میچ کھیلا جبکہ اگلے برس انڈر 19 ٹیم میں بھی جگہ بنا لی۔ مسلسل عمدہ کارکردگی کے باعث انہیں تیزی سے ترقی کے مواقع ملتے گئے۔

2024 میں انہوں نے قطر اسٹارز لیگ میں الدحیل کلب کے لیے اپنے پیشہ ورانہ سینئر کیریئر کا آغاز کیا۔ وہ سابق پریمیئر لیگ مڈفیلڈر ابراہیما دیالو کی جگہ میدان میں اترے تھے۔ اس موقع نے انہیں ملکی سطح پر نمایاں کر دیا۔صرف دو ماہ بعد تحسین کو قطر کی سینئر قومی ٹیم میں طلب کر لیا گیا۔ستمبر 2024 میں 17 سال 11 ماہ اور 21 دن کی عمر میں انہوں نے سعودی عرب میں افغانستان کے خلاف فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میں قطر کی جانب سے پہلا آغاز کیا۔ اسی کوالیفائنگ مرحلے میں قطر کا مقابلہ ہندوستان سے بھی ہوا تھا۔افغانستان کے خلاف میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا لیکن تحسین کے لیے یہ ایک یادگار دن تھا۔ اسٹیڈیم میں موجود ان کے والد جمشید نے اپنے بیٹے کو قومی ٹیم کی جرسی میں کھیلتے دیکھا۔

جمشید کہتے ہیں۔ہم اسے کھیلتے دیکھنے گئے تھے اور ہم نے اس کی اور قطر کی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔اس کے بعد تحسین زمبابوے اور آئرلینڈ کے خلاف بین الاقوامی دوستانہ میچوں میں بھی کھیل چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے قطر کی انڈر 23 ٹیم کی نمائندگی بھی کی ہے۔

تحسین کی زندگی قطر ہی میں گزری ہے۔ ان کی پیدائش دوحہ میں ہوئی۔ وہ وہیں کے اسٹیڈیموں میں بڑے ہوئے اور وہیں کی اکیڈمیوں میں تربیت حاصل کی۔ تاہم ان کے پاس اپنے والد کے وطن کا ہندوستانی پاسپورٹ بھی موجود ہے حالانکہ وہ کبھی ہندوستان میں مقیم نہیں رہے۔

قانون کے مطابق آئندہ برس انہیں اپنی شہریت کے حوالے سے فیصلہ کرنا ہوگا۔اس بارے میں ان کے والد کا کہنا ہے۔ممکنہ طور پر وہ قطر کا پاسپورٹ اختیار کریں گے۔

تحسین صرف ایک باصلاحیت فٹ بالر ہی نہیں بلکہ فٹ بال کے بڑے شائق بھی رہے ہیں۔ انہوں نے 2022 کا فیفا ورلڈ کپ انہی اسٹیڈیموں سے دیکھا تھا جہاں اب وہ خود کھیلنے جا رہے ہیں۔ وہ پرتگال کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے زبردست مداح ہیں اور اس ورلڈ کپ کے دوران پرتگال کا ہر میچ باقاعدگی سے دیکھا کرتے تھے۔انہوں نے گروپ مرحلے میں قطر کی بھرپور حمایت بھی کی تھی اگرچہ میزبان ٹیم ابتدائی مرحلے ہی میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی۔

لیکن اس بار منظر مختلف ہوگا۔اس بار تحسین تماشائی نہیں ہوں گے۔اس بار وہ خود میدان میں ہوں گے۔قطر اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 13 جون کو سان فرانسسکو میں سوئٹزرلینڈ کے خلاف کرے گا۔ اس کے بعد اسے کینیڈا اور بوسنیا و ہرزیگووینا کا سامنا کرنا ہوگا۔قطر نے گزشتہ اکتوبر متحدہ عرب امارات کے خلاف 2-1 کی کامیابی کے ساتھ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا جبکہ ٹیم کی کوچنگ معروف ہسپانوی کوچ جولین لوپیٹیگی کے ہاتھوں میں ہے۔تحسین کی کامیابی پر کیرالا میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔جمشید بتاتے ہیں۔ہمیں کیرالا سے بے شمار پیغامات اور فون کالز موصول ہو رہی ہیں۔ لوگ ہمیں بتا رہے ہیں کہ وہ تحسین کے لیے دعا کریں گے۔

اب 13 جون کو جب سان فرانسسکو میں فیفا ورلڈ کپ کا میچ شروع ہوگا تو میدان میں قطر کی جرسی پہنے ایک نوجوان ونگر موجود ہوگا جس کا نام تحسین محمد جمشید ہوگا۔ اور اسٹیڈیم کے کسی حصے میں ایک باپ بیٹھا اپنے بیٹے کے لیے تالیاں بجا رہا ہوگا۔ وہ باپ جس کا اپنا خواب ادھورا رہ گیا تھا لیکن جس کے بیٹے نے اسے دنیا کے سب سے بڑے فٹ بال اسٹیج پر پورا کر دکھایا۔