ممبئی (پی ٹی آئی) بیٹنگ کے عظیم کھلاڑی سچن تندولکر کا ماننا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف جسپریت بمراہ کی غیر موجودگی میں ہندوستان کی دو ٹیسٹ میچز میں جیت محض ایک "اتفاق" تھا اور اس شاندار فاسٹ بولر کی صلاحیت اب بھی "غیر معمولی اور ناقابل یقین ہے۔بمراہ نے حال ہی میں اختتام پذیر پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سے تین میں حصہ لیا، جس میں نسبتاً کم تجربہ کار بھارتی ٹیم نے 2-2 سے قابلِ تعریف ڈرا حاصل کیا۔ جن دو میچوں میں بھارت نے کامیابی حاصل کی، ان میں بمراہ شامل نہیں تھے کیونکہ یہ پہلے سے طے شدہ ورک لوڈ مینجمنٹ منصوبے کا حصہ تھا۔تندولکر نے کہا کہ برمنگھم اور اوول میں بمراہ کی غیر موجودگی میں بھارت کی جیت محض اتفاق تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن تین ٹیسٹ میچوں میں بمراہ نے شرکت کی، ان میں انہوں نے کل 14 وکٹیں حاصل کیں۔تندولکر نے اپنے ویڈیو تجزیے میں جو انہوں نے ’ریڈٹ‘ پر سیریز کے حوالے سے پیش کیا ۔
بمراہ نے پہلا ٹیسٹ بہترین انداز میں شروع کیا، (پہلی اننگز میں) پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیلا، لیکن تیسرا اور چوتھا کھیلا۔ ان دو میں سے ایک ٹیسٹ میں انہوں نے پھر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔تین ٹیسٹ میچوں میں سے جن میں وہ کھیلے، انہوں نے دو بار پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ میں جانتا ہوں لوگ کئی باتیں کر رہے ہیں کہ ہم نے وہ ٹیسٹ میچ جیتے جن میں وہ نہیں کھیلے، لیکن میرے نزدیک یہ محض ایک اتفاق ہے۔بمراہ کی صلاحیت غیر معمولی ہے۔ جو کچھ انہوں نے اب تک کیا ہے، وہ ناقابل یقین ہے۔ وہ بلا شبہ ایک مستقل شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی ہیں، اور میں انہیں کسی بھی بڑے کھلاڑی کے ساتھ صفِ اول میں رکھوں گا۔"
بمراہ کی غیر موجودگی میں محمد سراج نے شاندار کارکردگی پیش کی اور پانچوں میچوں میں کھیلتے ہوئے کل 185.3 اوورز میں 23 وکٹیں حاصل کیں۔تاہم، اعداد و شمار میں بمراہ اب بھی کافی آگے ہیں، جن کے 48 ٹیسٹ میچوں میں 219 وکٹیں ہیں، جب کہ سراج کے 41 میچوں میں 123 وکٹیں ہیں۔بمراہ کی منصوبہ بند غیر موجودگی، خاص طور پر پانچویں اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں، ان کے ورک لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے سوالات کھڑے ہوئے، لیکن ٹیم مینجمنٹ نے واضح کیا کہ اس اہم بولر کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا تھا۔تندولکر نے آل راؤنڈر واشنگٹن سندر کی بھی خوب تعریف کی، جنہوں نے سیریز میں ٹیم کی کامیابی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا،جب بھی وہ کھیلتے ہیں، وہ شاندار تعاون پیش کرتے ہیں۔ اگر آپ دوسرا ٹیسٹ دیکھیں، تو پانچویں دن لنچ سے پہلے بین سٹوکس کو جو اہم گیند انہوں نے کرائی، وہ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ تھا۔ اس گیند پر انہوں نے سٹوکس کو آؤٹ کیا۔آخری ٹیسٹ میں، جب تیز اسکورنگ کی ضرورت تھی، انہوں نے 53 رنز جڑے اور بہترین انداز میں اننگز کو تیز کیا۔جہاں کریز پر ٹھہر کر کھیلنے کی ضرورت تھی، انہوں نے چوتھے ٹیسٹ میں وہ کیا، اور جہاں تیز اسکورنگ درکار تھی، انہوں نے پانچویں ٹیسٹ میں وہ بھی کیا۔ شاباش واشی... مجھے واقعی مزہ آیا۔مبئی کے ماسٹر نے مانچسٹر ٹیسٹ کے دوران اس تنازع پر بھی اپنی رائے دی، جب بھارت نے انگلینڈ کے کپتان بین سٹوکس کی جانب سے پیش کردہ ڈرا کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔
تندولکر نے کہا کہ رویندر جڈیجا اور واشنگٹن سندر کو اپنی سنچریاں مکمل کرنے کا پورا حق تھا، اور بھارت کا کھیل جاری رکھنے کا فیصلہ مکمل طور پر "صحیح روح" میں تھا، حالانکہ نتیجہ صرف ڈرا ہی ہو سکتا تھا۔تندولکر نے کہا،لوگ چوتھے ٹیسٹ میچ کے بارے میں باترتےہیں، کہ کیا واشنگٹن اور جڈیجا کی وہ سنچریاں صحیح جذبے کے مطابق تھیں؟ کیوں نہیں ہونی چاہییں؟ وہ ڈرا کے لیے کھیل رہے تھے۔اس سے پہلے انگلینڈ ان پر حملہ کر رہا تھا، اور اس سب کے باوجود اگر بیٹر آخر تک کھیلتا ہے، اور دن کے اختتام تک کھیل رہا ہے... تو ہاں، دونوں نے سنچریاں بنائیں، لیکن میرے نزدیک سیریز زندہ تھی۔وہ کیوں پویلین واپس جائیں اور انگلینڈ کے فیلڈرز اور بولرز کو آرام دیں؟ اگر وہ ہیری بروک کو بولنگ دینا چاہتے ہیں، تو وہ بین سٹوکس کا فیصلہ ہے، بھارت کا نہیں۔
تندولکر نے سٹوکس کے اس بیان کو بھی مسترد کیا کہ وہ اپنے بولرز کو آرام دینے کے لیے میچ کو جلد ختم کرنا چاہتے تھے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ... کیوں انگلینڈ کے بولرز کو پانچویں ٹیسٹ میں تازہ دم ہونا چاہیے؟ کیوں انگلینڈ کے فیلڈرز کو تازہ دم ہونا چاہیے؟ کیا آپ کے پاس اس کا جواب ہے؟ کوئی جواب نہیں ہے۔میں پوری طرح بھارتی ٹیم کے ساتھ ہوں۔ چاہے وہ (گوتم) گمبھیر ہو، شبھمن (گل)، جڈیجا یا واشنگٹن، انہوں نے جو فیصلہ کیا، میں سو فیصد ان کے ساتھ ہوں۔