گوہاٹی۔ بھارت کی جانب سے نیوزی لینڈ کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آٹھ وکٹوں سے شاندار شکست دینے کے بعد لیگ اسپنر روی بشنوئی نے کہا کہ انہوں نے درست ایریاز میں بولنگ پر توجہ دی اور گزشتہ سال آئی پی ایل کے خراب سیزن کے بعد اپنی لینتھ پر خاص محنت کی۔
بشنوئی نے چار اوورز میں 18 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں اور نیوزی لینڈ کو 20 اوورز میں 153 رنز پر محدود کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی منظم بولنگ نے گوہاٹی میں بھارت کی بڑی جیت کی بنیاد رکھی۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں روی بشنوئی نے کہا کہ جب انہیں بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے باہر کیا گیا تو انہوں نے جودھپور میں اپنے کوچز کے ساتھ محنت کی۔ انہوں نے بتایا کہ وجے ہزارے ٹرافی سید مشتاق علی ٹرافی اور رنجی ٹرافی میں میچ کھیلنے سے انہیں واپسی میں کافی مدد ملی۔
بشنوئی نے کہا کہ جب آپ ٹیم سے باہر ہوتے ہیں تو مشکل ہوتا ہے کیونکہ آپ کو لگتا ہے کہ آپ کو وہاں ہونا چاہیے۔ میرے پاس اپنی بولنگ پر کام کرنے کا وقت تھا۔ میں نے جودھپور میں اپنے کوچز کے ساتھ کافی محنت کی۔ پھر میں نے ڈومیسٹک میچ کھیلے۔ وجے ہزارے سید مشتاق اور رنجی ٹرافی میں کھیلنے سے مجھے واپس آنے میں بہت فائدہ ہوا۔
24 سالہ بشنوئی نے کہا کہ انہوں نے شعوری طور پر درست ایریاز میں بولنگ کرنے کی کوشش کی اور حالات کے مطابق اپنی ردھم بدلی۔ انہوں نے مانا کہ گزشتہ آئی پی ایل سیزن ان کے لیے اچھا نہیں رہا جس کی وجہ سے انہوں نے اپنے انداز پر دوبارہ غور کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں صحیح جگہوں پر بولنگ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ یہ اس دن کی ردھم پر منحصر ہوتا ہے۔ میں نے اپنی لینتھ پر کام کیا ہے۔ پچھلا آئی پی ایل میرے لیے اچھا نہیں تھا۔ میں تھوڑا نروس اور ایکسائٹڈ تھا۔
ابھشیک شرما کی بیٹنگ پر بات کرتے ہوئے بشنوئی نے کہا کہ جس طرح ابھیشیک بیٹنگ کر رہا ہے بھارت کو اسی طرح کی ضرورت ہے۔ وہ بہت پریکٹس کرتا ہے اور امید ہے وہ طویل عرصے تک اسی فارم میں رہے گا۔
ابھشیک شرما نے صرف 20 گیندوں میں ناقابل شکست 68 رنز بنائے جس میں 7 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 340 رہا۔
ابھشیک شرما کی نصف سنچری اور سوریہ کمار یادو کے ناقابل شکست 57 رنز نے بھارت کو صرف 10 اوورز میں 154 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں مدد دی اور بھارت نے آٹھ وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ اس جیت کے ساتھ بھارت نے پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی اپنے نام کرلی اور ابتدائی تینوں میچ جیت لیے۔
مختصر اسکور۔ نیوزی لینڈ 20 اوورز میں 153 رنز پر 9 آؤٹ۔ گلین فلپس 48۔ مارک چیپ مین 32۔ جسپریت بمراہ 3 وکٹ 17 رنز۔ بھارت 10 اوورز میں 155 رنز 2 وکٹ پر۔ ابھیشیک شرما 68 ناٹ آؤٹ۔ سوریہ کمار یادو 57 ناٹ آؤٹ۔