ہند۔ پاک مضبوط کرکٹ روابط قائم کرنے کی ضرورت ۔ رمیز راجا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-10-2021
ہند۔ پاک مضبوط کرکٹ روابط قائم کرنے کی ضرورت ۔ رمیز راجا
ہند۔ پاک مضبوط کرکٹ روابط قائم کرنے کی ضرورت ۔ رمیز راجا

 

 

اسلام آباد : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں بورڈز کو کھیل کو سیاست سے الگ رکھتے ہوئے آپس میں گہرے کرکٹ روابط قائم کرنے چاہئیں۔

دبئی سے وطن واپسی پر اپنے ویڈیو پیغام میں رمیز راجا نے کہا کہ میری ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کے موقع پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے صدر سارو گنگولی اور سیکریٹری جے شاہ سے ملاقات ہوئی۔

،  انہوں نے کہا کہ ہمارا ہمیشہ سے مؤقف رہا ہے کہ ہمیں ہر ممکن حد تک کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے اور دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کو کرکٹ تعلقات کو استوار کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو بحال کرنے کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے لیکن دونوں بورڈز کا کچھ چیزوں پر اتفاق ہونا ضروری ہے اور پھر ہمیں دیکھنا ہو گا کہ ہم کتنا آگے جا سکتے ہیں، فی الحال ہمارے درمیان اچھی گفتگو ہوئی۔

رمیز راجا کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب ٹی20 ورلڈ کپ میں 24 اکتوبر کو ہندوستان اور پاکستان ایک دوسرے کے مدمقابل آنے والے ہیں۔ رمیز راجا نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل کو متفقہ نقطہ نظر اور اجتماعی مؤقف بنانے کے لیے قائم کیا گیا تھا تاکہ ہماری ایک آواز ہوں اور اگر کوئی مسئلہ درپیش ہو تو سب ایک ساتھ کھڑے ہوں۔

حالیہ دورہ پاکستان سے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے انکار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ دوسرے بورڈز اور ایشین کرکٹ کونسل کے ساتھ مضبوط تعلقات چاہتے ہیں تاکہ اگر نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے انکار جیسا کوئی مسئلہ درپیش ہو تو ایشین کرکٹ کونسل کے پلیٹ فارم سے ایک مضبوط اور مشترکہ مؤقف پیش کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایشین کرکٹ کو میں نے پیغام دیا کہ ہمیں اس فلسفے کو نہیں بھولنا چاہیے اور میں پرامید ہوں کہ مستقبل میں اس کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ ایشیا کپ 2023 ایشیا کپ 2023 کے بارے میں بات کرتے ہوئے رمیز راجا نے اعلان کیا کہ 50 اوورز کا یہ ٹورنامنٹ ستمبر میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل نے اس بات پر اتفاق کیا ہے اور منظوری دی ہے کہ پاکستان میں 2023 کا 50 اوورز کا ٹورنامنٹ ستمبر میں منعقد ہوگا، یہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی تیاریوں کے سلسلے میں مدد دے گا اور اسی سال اکتوبر اور نومبر میں منعقد ہوگا۔

  انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان میں اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کے منتظر ہیں اور مجھے یقین ہے کہ یہ ایک بہترین ٹورنامنٹ ہو گا کیونکہ شائقین یہی چاہتے ہیں۔ رمیز راجا نے مزید کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ اگلے سال ایشیا کپ 20 اوورز کا ٹورنامنٹ ہوگا جو سری لنکا میں منعقد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آسٹریلیا میں 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کی تیاریوں کے سلسلے میں مددگار ہو گا۔