دبئی: ایشیا کپ ٹی20 کے سپر فور مرحلے کے تیسرے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ میچ منگل کے روز ابوظہبی کے شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 133 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان نے 134 رنز کا ہدف 18 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ محمد نواز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 38 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے، جبکہ حسین طلعت نے چار چوکوں کے ساتھ 32 رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔ بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر حسین طلعت کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ہدف کے تعاقب میں اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور محمد حارث نے پر اعتماد آغاز فراہم کیا اور پانچ اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 45 رنز بنا ڈالے۔ تاہم چھٹے اوور میں پاکستان کو دو جھٹکے لگے، جب پہلے صاحبزادہ فرحان 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور فوراً بعد فخر زمان بھی 17 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد صائم ایوب 2، کپتان سلمان علی آغا 5 اور محمد حارث 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن محمد نواز اور حسین طلعت نے ذمہ دارانہ شراکت قائم کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
سری لنکن ٹیم کی جانب سے کمنڈو مینڈس سب سے نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسالنکا نے 20، کشال پریرا اور وانندو حسارنگا نے 15، جبکہ پاتھم نسانکا نے 8 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور ٹیم 133 رنز تک محدود رہی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف اور حسین طلعت نے دو دو جبکہ ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کو بھارت کے خلاف دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ سری لنکا کو بنگلہ دیش نے ہرایا تھا۔ موجودہ آئی سی سی رینکنگ کے مطابق پاکستان ساتویں اور سری لنکا آٹھویں نمبر پر ہیں۔