تمغہ قوم کے نام کرتا ہوں: ارشد ندیم

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
تمغہ قوم کے نام کرتا ہوں: ارشد ندیم
تمغہ قوم کے نام کرتا ہوں: ارشد ندیم

 

 

برمنگھم : کامن ویلتھ گیمز2022 میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم نے کہا ہے کہ ’یہ تمغہ میرے لیے خاص ہے کیونکہ یہ پاکستان کے یوم آزادی سے عین پہلے جیتا ہے۔برمنگھم میں اپنی ریکارڈ جیت کے بعد ارشد ندیم نے سونے کا تمغہ پاکستانی عوام کے نام بھی کیا۔

ارشد ندیم نے جیولین تھرو کے مقابلے میں 90.18 میٹر تھرو کے نئے ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ کل چھ تھرو میں سے ارشد ندیم نے پہلے ہی تھرو میں 86.81 میٹر کی تھرو کی جو کہ ٹورنامنٹ کا ریکارڈ تھا۔

اسٹار ایتھلیٹ کی دوسری تھرو نااہل قرار دی گئی۔ باقی چار میں ارشد ندیم نے بالترتیب 88، 85.09، 90.18، اور 81.29 میٹر کی تھرو پھینکیں۔

نوے میٹر کی تھرو کے ساتھ عالمی ریکارڈ میں ارشد نے انے ’بہت اچھے دوست‘ اور ہندوستان کے ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ عالمی جیولین ریکارڈز کی فہرست میں ارشد ندیم 22 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جب کہ بھارت کے نیرج چوپڑا 24 ویں نمبر پر ہیں۔

ایشیائی ریکارڈ کی فہرست میں ارشد فوسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ جنوبی ایشیائی ایتھلیٹس میں ان کا پہلا نمبر ہے۔ ایشیائی ممالک میں پہلا نمبر تائیوان کے چاؤ سن چینگ کا ہے جنہوں نے اکتوبر 1993 میں 91.36 میٹر کی تھرو کی تھی۔

اس موقع پر ارشد کا کہنا تھا کہ ’اللہ، والدین اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی دعاؤں سے آج اللہ نے مجھے عزت دی ہے۔ میں یہ گولڈ میڈل پاکستانی قوم کے نام کروں گا۔

میں نے ٹوکیو اولمپکس کے ایک سال بعد کسی عالمی چیمپیئن شپ میں حصہ لیا ہے کیونکہ مجھے انجری تھی۔ میں نے 88 میٹر تھرو کی اور پھر پیٹر نے کی تو مجھے جوش آیا کہ میں بھی کر سکتا ہوں۔ آئندہ گیمز میں بھی محنت کروں گا اور ملک کا نام روشن کروں گا۔

کامن ویلتھ گیمز2022 میں پاکستان کے لیے یہ دوسرا طلائی تمغہ ہے۔ اس سے قبل ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں طلائی کا تمغہ جیتا تھا۔

پاکستان نے برمنگھم میں ہونے والی کھیلوں میں اب تک دو طلائی، تین چاندی اور تین کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔

ارشد ندیم کی اس جیت کے بعد انہیں ملک بھر سے مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں۔

صدرپاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے ارشد ندیم کو پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی اور انہیں قوم کا فغر قرار دیا۔

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ارشد ندیم کو کامن ویلتھ گیمز میں نیا ریکارڈ قائم کرنے اور تاریخ رقم کرنے پر مبارکباد دی۔ پاکستان فوج کے ترجمان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ میں کہا گیا: ’ارشد ندیم قوم کا فخر اور ہمارے قومی ہیرو ہیں۔