ہندو۔مسلم کرکٹراورکوچ جو بن گئے ایک دوسرے کا سہارا

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 24-05-2022
ہندو۔مسلم کرکٹراورکوچ جو بن گئے ایک دوسرے کا سہارا
ہندو۔مسلم کرکٹراورکوچ جو بن گئے ایک دوسرے کا سہارا

 

 

غوث سیوانی

نئی دہلی:محبت سے بڑھ کرکوئی طاقت نہیں۔ یہ وہ قوت ہے جو دنیا کو بہتر مقام بناتی ہے اور انسان کو انسان کے قریب لاتی ہے۔یہی سبب ہے کہ دنیا کے سبھی مذاہب محبت کی بات کرتے ہیں ۔ البتہ سیاستداں اپنے معمولی فائدے کے لئے عوام کو بانٹنے کا کام کرتے ہیں۔اسی وجہ سے ہندوستان میں ان دنوں کچھ ایسے واقعات سامنے آرہے ہیں جو نفرت انگیز ہیں مگر چونکہ ہمارے خمیر میں محبت شامل ہے لہذا نفرت کی عمر کم ہوتی ہے اور محبت کی طویل ہوتی ہے۔ آج میں آپ کے سامنے نفرت کی نہیں بھائی چارے اور محبت کی کہانیاں لایا ہوں۔ اس کہانی کے مرکزی کردار محبت اور بھائی چارہ ہیں جو کئی کرکٹرز کی زندگی پر حاوی ہیں۔

آج کئی ایسے کھلاڑی ہیں جو مسلمان ہیں اور ہندوکوچ نے ان کی مدد کی یاپھرہندوکھلاڑی کی مدد مسلمان کوچ نے کی۔آج وہ کھلاڑی آئی پی ایل میں کھیل کر نام کما رہے ہیں۔ اگر کھلاڑی ہندو ہے تو کوچ مسلمان ہے، کوچ ہندو ہے تو کھلاڑی مسلمان ہے۔ دونوں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے آگے بڑھے۔ بھائی چارے اور محبت نے ان کھلاڑیوں کی زندگی بنائی۔

awaz

عُمران ملک کے والدجوایک پھل فروش ہیں

آپ جموں ایکسپریس عُمران ملک کو جانتے ہوں گے۔ عُمران آئی پی ایل میں 157 کی رفتار سے گیند پھینک رہے ہیں۔ 14 میچوں میں 21 وکٹیں لیں۔ عمران سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر ہیں۔ ایک بار وہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔ عمران ملک نے اس سیزن میں حیدرآباد کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔

عمران کے والد گزشتہ 50 سال سے پھل فروخت کر رہے ہیں۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ عمران کا کوچ کون ہے جس نے شروع میں عمران کی بہت مدد کی۔ اگر کوچز نے مدد نہ کی ہوتی تو عمران آج یہاں تک نہ پہنچتا۔ عمران کے کوچ کا نام رندھیر سنگھ ہے۔

ایک اور کھلاڑی تلک ورما کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ تلک ورما کے والد ایک الیکٹریشن ہیں۔ تلک حیدرآباد کا رہنے والا ہے۔ ممبئی انڈینز کے لیے کھیل رہے ہیں۔ تلک ورما نے ممبئی کے لیے 14 میچوں میں 397 رنز بنائے ہیں۔ تلک ورما ایک بہترین کھلاڑی ہیں۔ اس کھلاڑی کو شاندار بنانے میں صرف محبت اور بھائی چارہ کام آیا۔

awaz

تلک ورما کے والد کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ وہ اپنے بیٹے کو اکیڈمی میں داخلہ دلوائیں۔ جہاں پیسہ نہیں وہاں محبت اور بھائی چارہ ہے۔ تلک کے ٹیلنٹ کو دیکھتے ہوئے کوچ سلام بیاش اسے پچھلے 10 سالوں سے مفت کوچنگ دے رہے ہیں۔ ایک وقت تھا جب بیاش روزانہ تلک کو اپنی اسکوٹی میں اسٹیڈیم لے جاتے تھے۔

سلام بیاش کو ان کے والد نے مشورہ دیا کہ کوچنگ دیتے وقت کبھی ہندو مسلم کی طرف مت دیکھیں، ٹیلنٹ کو دیکھتے ہوئے کوچنگ دیں۔ بیاش اپنے والد کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے آج وہی کام کر رہے ہیں۔ بیاش کی اکیڈمی میں تقریباً 200 اسٹوڈنٹس ہیں، صرف 15 بچے مسلمان ہیں، باقی ہندو ہیں۔ پی وشنو، انیش ریڈی، ارنب جیسے کئی کھلاڑی آج ریاستی سطح پر کھیل رہے ہیں۔

awaz

رنکو سنگھ علی گڑھ کا رہنے والا ہے۔ رنکو کے والد گھر گھر گیس سلنڈر پہنچاتے ہیں۔ رنکو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے لیے کھیل رہے ہیں۔ رنکو کو اس مقام تک لے جانے میں دوست محمد ذیشان اور کوچ مسعود امینی کا تعاون ہے۔ امینی گزشتہ 20 سالوں سے علی گڑھ میں کوچنگ کرا رہے ہیں۔ اکیڈمی کے 90 فیصد بچے ہندو ہیں۔ امینی کی اکیڈمی کا نام علی گڑھ کرکٹ اسکول ہے۔ میں آپ کو ایک اور بات بتاتا ہوں۔ رنکو کے والد کا نام خان چند سنگھ ہے، کتنا شاندار ہے۔ رنکو کی ماں کا نام رینو دیوی ہے۔

میں جانتا ہوں کہ لوگ کہیں گے کہ میں کھیل کو مذہب سے کیوں جوڑ رہا ہوں۔ میں کھیل کو مذہب سے نہیں جوڑ رہا، میں صرف محبت اور بھائی چارے کی بات کر رہا ہوں۔ اگر ہمارا معاشرہ اتنا بالغ ہوتا تو آج ملک میں مذہب کے نام پر تشدد نہ ہوتا۔ مندر مسجد کے نام پر کوئی لڑائی نہیں ہوتی۔ نفرت سب کو تباہ کر رہی ہے۔ نفرتوں کو چھوڑ کر محبت اور اخوت کو اپنائیے۔ ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر آگے بڑھتے ہیں۔ ہاتھ میں پتھر نہیں قلم لے لیجئے۔ محبت اور بھائی چارے کی کتاب لکھیے۔ یہ کتاب آپ کے بچوں کی زندگی میں کارآمد ثابت ہوگی۔ زندگی بہت چھوٹی ہے اسے پیار و محبت سےگزاریئے۔