گوتم گمبھیر اور اوول کے کیوریٹر کے درمیان تلخ کلامی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 29-07-2025
گوتم گمبھیر اور اوول کے کیوریٹر کے درمیان تلخ کلامی
گوتم گمبھیر اور اوول کے کیوریٹر کے درمیان تلخ کلامی

 



لندن : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر منگل کے روز لندن کے اوول گراؤنڈ میں اس وقت ایک تنازعے کا شکار ہو گئے جب ان کی اوول کے چیف کیوریٹر لی فورٹس کے ساتھ زبانی جھڑپ ہو گئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں گمبھیر کو غصے میں گراؤنڈ اسٹاف کی طرف انگلی اٹھاتے ہوئے کہتے سنا گیا کہ آپ ہمیں یہ نہ بتائیں کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔

اوول میں ہندوستاناور انگلینڈ کے درمیان پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ جمعرات سے شروع ہو رہا ہے۔ مانچسٹر میں چوتھا ٹیسٹ ڈرا کرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے بھرپور تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ٹریننگ سیشن کے دوران لی فورٹس اور گمبھیر کے درمیان جھگڑے کی ویڈیو وائرل ہو چکی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک نے مداخلت کرتے ہوئے معاملہ ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی۔جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب فورٹس نے گمبھیر سے کہا کہ "مجھے یہ رپورٹ کرنا پڑے گا۔اس پر گمبھیر نے سخت لہجے میں جواب دیا کہ "آپ جو چاہیں رپورٹ کریں۔اسی دوران کوٹک نے فورٹس کو ایک طرف لے جاتے ہوئے کہاکہ "ہم کچھ نقصان نہیں پہنچائیں گے۔اس دوران ہندوستانی کوچنگ اسٹاف کے دیگر ارکان جیسے بولنگ کوچ مورنے مورکل اور اسسٹنٹ کوچ ریان ٹن ڈوسچےٹے بھی دلچسپی سے یہ سب کچھ دیکھتے رہے۔

گرچہ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اصل جھگڑے کی وجہ کیا تھی، لیکن بظاہر یہ تنازعہ پریکٹس پچز کی کنڈیشنز پر ہوا۔ گمبھیر بار بار زور دیتے رہے کہ گراؤنڈ اسٹاف ان کی ٹیم کو ہدایات دینے کے مجاز نہیں۔انہوں نے کہا آپ ہمیں نہیں بتا سکتے کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔ آپ صرف گراؤنڈ اسٹاف میں سے ایک ہیں، اس سے زیادہ کچھ نہیں۔"اس کے بعد دونوں افراد اپنی اپنی راہ ہو گئے، اور گمبھیر نیٹ سیشن کی نگرانی کے لیے واپس چلے گئے۔بعد میں جب لی فورٹس میدان سے اپنے کمرے کی طرف جا رہے تھے تو انہوں نے کہا کہ "یہ ایک بڑا میچ ہے اور وہ (گمبھیر) کچھ زیادہ ہی حساس ہیں۔

دوسری طرف مانچسٹر ٹیسٹ میں نصف سنچری اور صفر کا اسکور کرنے والے سائی سدھارسَن سب سے پہلے پریکٹس کے لیے میدان میں پہنچے۔ بائیں ہاتھ کے چائنہ مین اسپنر کلدیپ یادو کو بھی بھرپور پریکٹس کرتے دیکھا گیا۔اسی طرح بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ بھی مورنے مورکل کی نگرانی میں گیند بازی کرتے نظر آئے۔