اے ایم یو : سابق طالب علم آلوک شرما نے کیا نام روشن

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-12-2025
اے ایم یو : سابق طالب علم آلوک شرما نے کیا نام روشن
اے ایم یو : سابق طالب علم آلوک شرما نے کیا نام روشن

 



 علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے سابق طالب علم اور این ٹی پی سی، اونچاہار میں ڈپٹی منیجر کے عہدے پر فائز مسٹر آلوک شرما نے حال ہی میں سری لنکا میں منعقدہ بین الاقوامی پیرا کرکٹ ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کی، جہاں ہندوستانی ٹیم رنر اَپ رہی۔

مسٹر آلوک شرما نے اے ایم یو سے بی ٹیک (2005) اور ایم ٹیک (2011) کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے اپنی مادرِ علمی سے گہرے جذباتی رشتے کا اظہار کرتے ہوئے اپنی کامیابی اے ایم یو کے نام منسوب کی۔انھوں نے کہا کہ اے ایم یو وہ ادارہ ہے جس نے ان کے پیشہ ورانہ سفر کے ساتھ ساتھ شخصیت میں حوصلہ و استقامت کو بھی جِلا بخشی۔ انھوں نے کہا ”یہ کامیابی اس حوصلہ افزائی اور اقدار کی عکاس ہے جو مجھے اے ایم یو میں حاصل ہوئیں۔ اے ایم یو زندگی بھر ان کے لئے تحریک کا سرچشمہ رہے گا“۔

اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے انھیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسٹر آلوک شرما کی کامیابی پوری یونیورسٹی برادری کے لیے باعث فخر ہے۔ ان کا سفر ثابت قدمی اور ایکسیلنس کی بہترین مثال ہے اور ہمہ جہت تعلیم کے تئیں اے ایم یو کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ پیرا اسپورٹس میں حاصل ہونے والی کامیابیاں عزم و حوصلے کا مضبوط پیغام دیتی ہیں اور طلبہ کو مشکلات پر قابو پانے کی ترغیب دیتی ہیں۔

پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے مسٹر شرما کی لگن و محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ان کی نمائندگی طلبہ میں کردار سازی، اعتماد اور استقامت پیدا کرنے میں کھیلوں کے اہم کردار کو نمایاں کرتی ہے۔

اے ایم یو میں گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر یوسف الزماں خان نے کہا کہ یونیورسٹی نے ہمیشہ تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی حوصلہ افزائی کی ہے اور مسٹر آلوک شرما کی یہ کامیابی بالخصوص اُن طلبہ کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوگی جو مختلف چیلنجوں کا سامنا کر رہے ہیں، تاکہ وہ عزم کے ساتھ اپنے مقاصد کے حصول کی کوشش کریں