فٹ بال ورلڈ کپ، اسرائیلی شہریوں کو قطر آنے کی خصوصی اجازت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 11-06-2022
فٹ بال ورلڈ کپ، اسرائیلی شہریوں کو قطر آنے کی خصوصی اجازت
فٹ بال ورلڈ کپ، اسرائیلی شہریوں کو قطر آنے کی خصوصی اجازت

 

 

تل ابیب:اسرائیل اور خلیجی عرب ریاست قطر کے مابین سفارتی تعلقات ابھی تک قائم نہیں ہوئے لیکن اسرائیلی شہریوں کو فٹ بال ورلڈ کپ 2022ء دیکھنے کے لیے قطر آنے کی اجازت ہو گی۔

جمعرات کو رات دیر گئے اسرائیل کی وزارت دفاع، وزارت خارجہ اور کھیلوں کی وزارت نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا، جس میں کہا ہے، ''فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی شہری بھی دنیا بھر کے دیگر شائقین کی طرح ورلڈ کپ کے دوران قطر میں میچز دیکھ سکیں گے۔‘‘ جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی شہریوں کو دیگر غیر ملکیوں کی طرح ٹکٹ کی خریداری کے ثبوت کے ساتھ آن لائن ویزا حاصل کرنے کی اجازت ہو گی۔ اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لاپیڈ نے ٹویٹر پر لکھا ہے، ''یہ ایک سفارتی کارنامہ ہے، جس نے مداحوں کے دلوں کو خوشی سے بھر دیا ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ''فٹ بال اور کھیل کی محبت لوگوں اور ملکوں کو جوڑتی ہے اور اس ورلڈ کپ نے گرمجوشی کے نئے رشتوں کے دروازے کھول دیے ہیں۔‘‘ اسرائیل ستمبر 2020ء کے بعد سے تین عرب ممالک متحدہ عرب امارات، بحرین اور مراکش کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کر چکا ہے جبکہ سوڈان بھی اس راستے پر گامزن ہے۔