پہلی افغان خاتون ذکیہ احمد نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرلی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-05-2026
پہلی افغان خاتون ذکیہ احمد نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرلی
پہلی افغان خاتون ذکیہ احمد نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرلی

 



کاٹھمنڈو؛ 31 سالہ افغان کوہ پیما ذکیہ احمدی پہلی افغان خاتون بن گئی ہیں جنہوں نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کر لی ہے۔ یہ بات کوہ پیمائی سے متعلق ادارے ایورسٹ لائف اور ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے بتائی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ذکیہ احمدی نے 21 مئی کو ایک بین الاقوامی کوہ پیمائی ٹیم کے ہمراہ ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک رسائی حاصل کی۔ اس ٹیم میں معروف کوہ پیما کرسٹن ہریلا بھی شامل تھیں۔

ذکیہ احمدی کی بہن نے اس کامیابی کو “تاریخی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہم ان افغان لڑکیوں اور خواتین کے لیے حوصلے اور امید کی علامت ہے جو سخت پابندیوں کا سامنا کر رہی ہیں۔

افغانستان کے ضلع جاغوری سے تعلق رکھنے والی ذکیہ احمدی نے کہا کہ ان کا مقصد افغان لڑکیوں کے لیے امید کا پیغام دینا تھا۔ وہ 2022 میں طالبان کے افغانستان میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد اپنے خاندان کے ساتھ آسٹریلیا منتقل ہو گئی تھیں۔

ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے سے قبل وہ کئی اہم چوٹیوں کو بھی سر کر چکی ہیں جن میں مونٹ بلانک۔ میرا پیک اور افغانستان کی بلند ترین چوٹی نوشاخ شامل ہیں۔

ذکیہ احمدی نے بتایا کہ انہوں نے ایورسٹ مہم کے لیے کئی ماہ تک سخت تربیت حاصل کی اور اس مہم کے اخراجات پورے کرنے کے لیے فنڈ ریزنگ مہمات بھی چلائیں۔

2021 کے بعد سے افغان خواتین اور لڑکیاں تعلیم۔ کھیل اور عوامی زندگی سے متعلق سخت پابندیوں کا سامنا کر رہی ہیں جس پر عالمی سطح پر تنقید اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔

تقریباً 8 ہزار 849 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ دنیا کی خطرناک ترین کوہ پیمائی مہمات میں شمار کیا جاتا ہے کیونکہ وہاں شدید موسم۔ برفانی تودوں اور آکسیجن کی انتہائی کم سطح جیسے خطرات موجود ہوتے ہیں۔