لاس اینجلس : فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے روز کے اہم مقابلے میں میزبان امریکا نے پیراگوائے کو یک طرفہ مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔
صوفی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں امریکی ٹیم نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلے ہاف کے اختتام تک تین صفر کی واضح برتری حاصل کر لی۔ امریکا نے میدان کے ہر شعبے میں عمدہ کارکردگی دکھائی اور پیراگوائے کی ٹیم کو دفاعی مشکلات سے دوچار رکھا۔
میچ کا ایک اہم موڑ اس وقت آیا جب پیراگوائے کے کھلاڑی بوبادیلا نے غلطی سے گیند اپنی ہی ٹیم کے جال میں پہنچا دی۔ اس کے بعد فارورڈ بالوگن نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیس منٹ کے اندر دو گول اسکور کیے اور حریف ٹیم کی واپسی کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
پیراگوائے کو میچ کے 73ویں منٹ میں موریسیو کے ذریعے واحد گول کرنے میں کامیابی ملی، تاہم امریکی ٹیم نے دباؤ برقرار رکھا۔ میچ کے آخری لمحات میں گوانی رینا نے خوب صورت اور یادگار گول کرکے امریکا کی برتری کو مزید مستحکم کر دیا اور اپنی ٹیم کی شاندار فتح پر مہر ثبت کر دی۔
دوسری جانب ٹورنٹو میں کھیلا گیا کینیڈا اور بوسنیا کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک ایک گول سے برابر رہا۔ بوسنیا نے 21ویں منٹ میں یوولوکیچ کے گول کی بدولت برتری حاصل کر لی تھی، لیکن کینیڈا نے ہمت نہیں ہاری اور 78ویں منٹ میں کائل لورین نے گول کرکے اپنی ٹیم کو شکست سے بچا لیا۔
ان مقابلوں سے قبل شائقین کو رنگارنگ افتتاحی تقریبات بھی دیکھنے کو ملیں۔ لاس اینجلس میں فیفا ورلڈ کپ کی تیسری افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جبکہ اس سے پہلے میکسیکو اور کینیڈا میں بھی ٹورنامنٹ کی شاندار افتتاحی تقریبات کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔