فیفا ورلڈ کپ 2026: اسپین بنے گا چیمپئن ۔ پیشگوئی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-06-2026
فیفا ورلڈ کپ 2026: اسپین بنے گا  چیمپئن ۔ پیشگوئی
فیفا ورلڈ کپ 2026: اسپین بنے گا چیمپئن ۔ پیشگوئی

 



 میکسیکو سٹی : دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال کے عالمی مقابلے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز میں اب صرف دو دن باقی رہ گئے ہیں۔ شائقین اپنی پسندیدہ ٹیموں کی کامیابی کے لیے پرجوش ہیں جبکہ مختلف ادارے بھی ممکنہ فاتح کے بارے میں پیشگوئیاں کر رہے ہیں۔

فٹبال ویڈیو گیمز بنانے والی معروف کمپنی ای اے اسپورٹس ایف سی نے پیشگوئی کی ہے کہ اسپین فیفا ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرے گا۔

کمپنی نے ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ گزشتہ چار ورلڈ کپ فاتحین کی درست پیشگوئی کر چکی ہے اور اس بار بھی اس کی پیشگوئی درست ثابت ہوگی۔

ای اے اسپورٹس ایف سی 2010 سے ورلڈ کپ فاتح کے بارے میں پیشگوئیاں کرتی آ رہی ہے۔ کمپنی نے 2010 میں اسپین، 2014 میں جرمنی، 2018 میں فرانس اور 2022 میں ارجنٹینا کی کامیابی کی پیشگوئی کی تھی جو بعد میں درست ثابت ہوئی۔

اس سے قبل اوپٹا سپر کمپیوٹر بھی اسپین کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کا مضبوط ترین امیدوار قرار دے چکا ہے۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ٹورنامنٹ ہوگا جس میں پہلی بار 48 ٹیمیں اور 1248 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے اس عالمی ایونٹ میں 48 ٹیموں کو 12 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ میں 4 ٹیمیں شامل ہوں گی جبکہ مجموعی طور پر 104 میچ کھیلے جائیں گے۔

ہر گروپ سے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچیں گی اور ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار راؤنڈ آف 32 بھی کھیلا جائے گا۔