جدہ: عراق کے خلاف کھیلا گیا میچ 0-0 ڈرا رہا، جس کے نتیجے میں سعودی عرب نے آئندہ سال امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے فیفا فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ہروے رینارڈ کی قیادت میں سعودی ٹیم کو گراہم آرنلڈ کی زیرِ قیادت عراقی ٹیم کے خلاف صرف ایک پوائنٹ درکار تھا۔ گول کیپر نواف العقیدی نے حسن عبد الکریم کی فری کک کو روک کر سعودی عرب کی ورلڈ کپ تک رسائی کو یقینی بنایا۔میچ کے بعد ہروے رینارڈ نے کہا: ’’مجھے بہت زیادہ لوگوں کی توقع تھی مگر ماحول زبردست تھا۔ شائقین نے کھلاڑیوں کو بھرپور حوصلہ دیا۔ اگرچہ سالم الدوسری مین آف دی میچ قرار پائے، لیکن آج رات کے اصل ہیرو شائقین تھے۔ پچھلے چند ماہ آسان نہیں رہے، مگر ہم نے کر دکھایا اور یہی سب سے اہم ہے۔‘‘
اس نتیجے کے ساتھ سعودی عرب ایشیائی کوالیفائرز کے چوتھے مرحلے کے گروپ بی میں سرفہرست رہا۔ سعودی ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ عراق کے برابر رہی، مگر زیادہ گول سکور کی بنیاد پر اپنے ہمسایہ ملک پر سبقت حاصل کر لی۔ تیسرے نمبر پر انڈونیشیا رہا، جسے سعودی عرب نے 3-2 سے شکست دی تھی۔
دوسری جانب، عراق اگلے ماہ متحدہ عرب امارات کے خلاف دو میچوں پر مشتمل پلے آف مقابلے کھیلے گا تاکہ فیصلہ کیا جا سکے کہ کون سی ٹیم مارچ میں بین البراعظمی پلے آف میں شرکت کرے گی۔میچ کے ابتدائی 45 منٹ خاصے اعصاب شکن رہے۔ صالح ابو الشامات نے 13یں منٹ میں بار کے اوپر شاٹ مار کر عراقی ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا۔
دوسرے ہاف کے آغاز کے فوراً بعد الشامات نے گیند فیرس البریکان کو دی، جنہوں نے گیند گول کے سامنے سے گزار دی، مگر سعود عبد الحمید نے موقع ضائع کر دیا۔الشامات مسلسل عراقی دفاع کے لیے خطرہ بنے رہے، لیکن جلال حسن نے چھ منٹ بعد ایک یقینی گول روکنے کے لیے شاندار انداز میں بائیں جانب ڈائیو لگا کر گیند روک لی۔
جلال حسن نے سعودی کپتان سالم الدوسری کی کوشش بھی ناکام بنائی، جبکہ ناصر الدوسری کو بھی 63ویں منٹ میں عراقی گول کیپر نے روک لیا۔میچ کے اختتامی لمحات میں حسن التمبکتی نے عراقی فارورڈ محند علی کو فیصلہ کن انداز میں روکا، اور اضافی وقت میں حسن عبد الکریم کی فری کک کو العقیدی نے دائیں جانب ڈائیو لگا کر بچا لیا۔یوں سعودی عرب 1994 میں اپنے پہلے ڈیبیو کے بعد ساتویں بار ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو گیا۔