نئی دہلی : آواز دی وائس
فیفا ورلڈ کپ 2026 صرف دنیا کی بہترین فٹبال ٹیموں کےدرمیان مقابلے کا میدان نہیں ہوگا بلکہ اس بار کئی دلچسپ خاندانی کہانیاں بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بنیں گی۔ٹورنامنٹ میں آٹھ بھائیوں کی جوڑیاں شریک ہوں گی جن میں سے چار جوڑیاں مختلف ممالک کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
برطانوی سپورٹس ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ان بھائیوں کی موجودگی ورلڈ کپ میں ایک منفرد رنگ بھر دے گی کیونکہ بعض بھائی ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے کے باوجود الگ الگ قومی ٹیموں کے لیے میدان میں اتریں گے۔
سب سے زیادہ توجہ ڈوئے برادران پر مرکوز ہے۔ بڑے بھائی گیلا ڈوئے آئیوری کوسٹ کی قومی ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی دیزیرے ڈوئے فرانس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

اسی طرح ولیمز برادران بھی مختلف جھنڈوں تلے کھیل رہے ہیں۔ ایناکھی ولیمز نے گھانا کو منتخب کیا جبکہ ان کے بھائی نیکو ولیمز سپین کی قومی ٹیم کے اہم رکن ہیں۔
گھانا کے دفاعی کھلاڑی ڈیرک لکاسن اور نیدرلینڈز کے فارورڈ برائن بروبی بھی حقیقی بھائی ہیں لیکن ان کی قومی وابستگیاں مختلف ہیں۔
جان ساؤٹر اور ہیری ساؤٹر کی کہانی بھی منفرد ہے جہاں ایک اسکاٹ لینڈ اور دوسرا آسٹریلیا کی نمائندگی کر رہا ہے۔
دوسری جانب کچھ بھائی ایک ہی قومی ٹیم میں ایک ساتھ کھیلتے نظر آئیں گے۔

فرانس کے لوکاس ہرنانڈیز اور تھیو ہرنانڈیز، نیدرلینڈز کے کوئنٹن ٹمبر اور یورین ٹمبر، کیپ ورڈے کے لاروس دوارٹے اور ڈیروئے دوارٹے جبکہ کیوراساؤ کے لیانڈرو باکونا اور جونینو باکونا اپنی اپنی ٹیموں کے لیے مشترکہ طور پر میدان میں اتریں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مختلف ممالک کی نمائندگی کرنے والے تمام بھائی الگ الگ گروپس میں شامل ہیں۔ اس لیے گروپ مرحلے میں ان کا آمنے سامنے آنا ممکن نہیں ہوگا۔ اگر ان ٹیموں کا سامنا ہوا تو وہ صرف ناک آؤٹ مرحلے میں ہی ممکن ہو سکے گا۔ورلڈ کپ 2026 میں بھائیوں کی یہ آٹھ جوڑیاں فٹبال کے عالمی میلے کو ایک منفرد خاندانی رنگ عطا کریں گی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا قسمت انہیں ایک دوسرے کے مدمقابل لا کھڑا کرتی ہے یا وہ اپنی اپنی ٹیموں کے لیے الگ الگ کامیابیوں کی داستان رقم کرتے ہیں۔
