فیفا ورلڈ کپ 2026: آسٹریلیا نے ترکیہ کو شکست دے دی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-06-2026
فیفا ورلڈ کپ 2026: آسٹریلیا نے ترکیہ کو شکست دے دی
فیفا ورلڈ کپ 2026: آسٹریلیا نے ترکیہ کو شکست دے دی

 



وینکوور :امریکا میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 کے تیسرے روز گروپ ڈی کے اہم مقابلے میں آسٹریلیا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ترکیہ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ یہ میچ کینیڈا کے شہر وینکوور کے بی سی پلیس اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں آسٹریلوی ٹیم نے منظم دفاع اور مؤثر جوابی حملوں کی بدولت کامیابی اپنے نام کی۔

آسٹریلیا کی جانب سے پہلا گول نوجوان فارورڈ نیسٹوری اراکنڈا نے میچ کے 27ویں منٹ میں کیا۔ اس گول نے آسٹریلیا کو برتری دلائی اور ترکیہ کی ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا۔ دوسرے ہاف میں کونر میٹکالف نے 75ویں منٹ میں گول کرکے آسٹریلیا کی فتح یقینی بنا دی۔

میچ کے دوران ترکیہ نے گیند پر زیادہ کنٹرول رکھا اور متعدد حملے بھی کیے، تاہم آسٹریلیا کے نوجوان گول کیپر پیٹرک بیچ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی یقینی گول بچا لیے۔ ترکیہ کے مڈفیلڈر اردا گولر نے اپنی ٹیم کے حملوں کی قیادت کی، لیکن آسٹریلوی دفاع ان کی کوششوں کو ناکام بنانے میں کامیاب رہا۔

اس کامیابی کے بعد آسٹریلیا نے گروپ ڈی میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے، جبکہ ترکیہ کو اگلے میچوں میں واپسی کے لیے بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا۔

تیسرے روز کے دیگر مقابلوں میں اسکاٹ لینڈ نے ہیٹی کو ایک صفر سے شکست دی، جبکہ قطر اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔