کراچی: چیمپینز ٹرافی میں پاکستان کو افتتاحی میچ میں شکست کے ساتھ ایک اور بڑا جھٹکا لگا ہے ,پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ ان کی جگہ امام الحق پاکستان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
دوسری جانب، پاکستان کرکٹ ٹیم آج دبئی کے لیے روانہ ہو رہی ہے، جہاں وہ چیمپئنز ٹرافی کے سب سے سنسنی خیز مقابلے، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کی تیاری کرے گی۔ پاکستانی اسکواڈ جمعے کے روز ایک اہم ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گا، جس کے بعد 23 فروری کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جس کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
آئی سی سی کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے فخر زمان کی غیر موجودگی میں امام الحق کو اسکواڈ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ دوسری طرف، پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ فخر زمان کے متبادل کھلاڑی کی شمولیت مکمل طور پر آئی سی سی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے گی۔