انگلینڈ کے دورہ پاکستان پر بھی خطرے کے بادل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-09-2021
ایک اور خطرہ
ایک اور خطرہ

 

 

 اسلام آباد:پاکستان کرکٹ بورڈ کو انگلینڈ کے دورہ پاکستان کے مثبت اشارے نہیں مل رہے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کو انگلینڈ کے دورہ پاکستان کے مثبت اشارے نہیں مل رہے، انگلینڈ بورڈ اگلے ایک دو روز میں دورے کے حوالے سے کوئی اہم اعلان کر سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم کا آئندہ ماہ ہونے والے دورہ کے مثبت اشارے نہیں مل رہے، پی سی بی نے سیریز کے انعقاد کے لیے نظریں حکومت پر جما لیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اب سارا فوکس ڈومیسٹک کرکٹ اور ٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی بہترین تیاریوں پر کر لیا۔

بورڈ کو خدشہ ہے کہ جس انٹیلی جنس اتحاد کی بنیاد پر نیوزی لینڈ نے دورہ ختم کیا تو اس میں شامل انگلینڈ کیسے پاکستان آئے گا، حکومتی سطح پر ہی اب سیریز کے انعقاد کو ممکن بنایا جا سکتا ہے، انگلینڈ نہ آیا تو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے تسلسل کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

 پی سی بی پُرامید ہے کہ حکومتِ پاکستان انگلینڈ کے دورے کو ممکن بنانے کے لیے ہر ممکن اثر و رسوخ استعمال کرے گی۔-ادھر انگلینڈ بورڈ اگلے ایک دو روز میں دورے کے حوالے کوئی اہم اعلان کرسکتا ہے، انگلینڈ نے 13 اور 14 اکتوبر کو پنڈی اسٹیڈیم میں ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا ہے اور انگلینڈ کی ویمن ٹیم نے بھی پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

دوسری جانب  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے کہا ہے کہ پرامید ہیں کہ انگلش ٹیم پاکستان آئے گی اور کھیلے گی۔

سی ای او وسیم خان نے ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ ختم کرنے پر سری لنکا اور بنگلا دیش سے رابطہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں نے رضامندی ظاہر کی، مگر وقت کی قلت اور لاجسٹک مسائل کے باعث یہ ممکن نہیں ہوسکا۔

وسیم خان نے مزید کہا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں بہت کچھ ہوا ہے، امید ہے کہ انگلش ٹیم پاکستان آئے گی اور کھیلے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کا پاکستان سے معلومات شیئر نہ کرنا مایوس کن ہے، کھلاڑیوں کو صدارتی سطح کی سیکیورٹی دی جارہی تھی۔ پی سی بی کے سی ای او نے یہ بھی کہا کہ ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے ساتھ کھیلنے کا اس وقت کوئی ایشو نہیں، ہم نے پاکستان میں کرکٹ کے لیے دن رات ایک کیا ہے اور بہت محنت کی ہے۔