فیفا ورلڈ کپ میں مصری کھلاڑیوں کی اجتماعی دعا کی ویڈیو وائرل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 25-06-2026
فیفا ورلڈ کپ میں مصری کھلاڑیوں کی اجتماعی دعا کی ویڈیو وائرل
فیفا ورلڈ کپ میں مصری کھلاڑیوں کی اجتماعی دعا کی ویڈیو وائرل

 



میامی۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران مصری فٹبال ٹیم کی ایک روح پرور ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے قبل سورۃ فاتحہ اور سورۃ اخلاص کی تلاوت کے بعد اجتماعی دعا کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ویڈیو میں مصری ٹیم کے ارکان میدان میں اترنے سے پہلے نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ قرآن مجید کی تلاوت کرتے اور اللہ تعالیٰ سے کامیابی کی دعا مانگتے نظر آتے ہیں۔ اس منظر نے دنیا بھر کے فٹبال شائقین خصوصاً مسلم صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں 14 مسلم ممالک کی ٹیمیں شریک ہیں جبکہ متعدد غیر مسلم ممالک کی ٹیموں میں بھی مسلمان کھلاڑی شامل ہیں۔ ایسے میں مصری ٹیم کا یہ روحانی اور ایمانی منظر سوشل میڈیا پر خصوصی طور پر زیرِ بحث ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے مصری کھلاڑیوں کے اس عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقابلے سے قبل اللہ تعالیٰ پر بھروسہ اور دعا کا اہتمام ایک مثبت اور متاثر کن پیغام ہے جو کھیل کے میدان میں روحانیت اور اخلاقی اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل اسپین کے نوجوان مسلم کھلاڑی لامین یمال نے سعودی عرب کے خلاف گول کرنے کے بعد میدان میں سجدۂ شکر ادا کیا تھا۔ ان کا یہ عمل بھی سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر وائرل ہوا اور مداحوں کی جانب سے خوب پذیرائی حاصل کی۔