ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن جوشوا کو شکست

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-09-2021
رنگ کا شیر ہوگیا ڈھیر
رنگ کا شیر ہوگیا ڈھیر

 

 

یوکرین کے اولیکزینڈر یوسک نے ہفتے کو برطانوی سٹار باکسر انتھونی جوشوا کو ہرا کر ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔کروزر ویٹ ڈویژن سے ہیوی ویٹ میں آنے کے محض تیسرے مقابلے میں یوسک نے یہ اعزاز جیتا۔

ایونڈر ہولی فیلڈ اور ڈیوڈ ہائے کے بعد یوسک تیسرے باکسر ہیں، جنھوں نے کروزر ویٹ ٹائٹلز جیتنے کے بعد ہیوی ویٹ کا عالمی ٹائٹل بھی جیتا۔

جوشوا یوسک کے بہترین ریفلیکسز اور مکوں کی طاقت سہہ نہیں سکے، بالخصوص ان کے بائیں مکے کی۔ ڈبلیو بی او بیلٹ کے لازمی چیلنجر کی طرف سے تابڑ توڑ گھونسے لگنے کے بعد جوشوا رِنگ میں گر پڑے۔

 یوسک نے جوشوا کے ڈبلیو بی اے اور آئی بی ایف ٹائٹلز بھی حاصل کر لیے ہیں۔

تاہم جوشوا کے پاس معاہدے میں دوبارہ میچ کی شق کی وجہ سے ٹائٹل واپس لینے کا ایک موقع ہے۔

 ججوں نے فائٹ میں 117-112، 116-112 اور 115-113 کا سکور دیا۔

 یوسک نے تمام کروزر ویٹ بیلٹس اکھٹے کرنے کے بعد 2019 میں ہیوی ویٹ کی طرف قدم بڑھایا اور اب بطور پروفیشنل وہ مسلسل 19 مقابلے جیت چکے ہیں۔

آج کے مقابلے میں یوسک کی توانائی دیدنی تھی جو حتمی راؤنڈ میں جوشوا پر مکوں کی برسات سے صاف دکھائی دی۔

 چیمپیئن جوشوا مقابلے کے آخری سیکنڈز میں بے بس دکھائی دیے۔ وہ رنگ میں گرے اور محض مسکرا دیے۔

جیسے ہی آخری گھنٹی بجی یوسک اپنے گھٹنوں کے بل گرے اور لندن کے آسمان کی طرف دیکھا۔ اس موقعے پر ٹوٹنہم ہاٹس پور سٹیڈیم کے اندر 62 ہزار تماشائی دم بخود دکھائی دیے۔

 فتح کے بعد یوسک نے رنگ کے اندر ایکروبیٹک ڈانس سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ جوشوا نیویارک میں اینڈی روئز جونیئر سے شکست کے بعد اپنے 25 فائٹ پرو کیریئر میں دوسری مرتبہ ہارے ہیں۔