فیفا ورلڈ کپ کاآغاز، شکیرا اور برنا بوئے کی پرفارمنس نے سماں باندھ دیا ، میکسیکو کی پہلی جیت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-06-2026
 فیفا ورلڈ کپ : کا شاندار آغاز، شکیرا اور برنا بوئے کی پرفارمنس نے سماں باندھ دیا
فیفا ورلڈ کپ : کا شاندار آغاز، شکیرا اور برنا بوئے کی پرفارمنس نے سماں باندھ دیا

 



 میکسیکو: ازٹیکا اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈ کپ دو ہزار چھبیس کی افتتاحی تقریب رنگ، روشنی اور موسیقی سے بھرپور رہی جہاں کولمبیا کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا اور نائیجیریا کے گلوکار برنا بوئے نے شاندار پرفارمنس دے کر شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ یہ افتتاحی تقریب میزبان میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان افتتاحی میچ سے قبل منعقد ہوئی۔

فیفا ورلڈ کپ فٹبال کے افتتاحی میچ میں میکسیکو نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 0-2 کی شکست دیدی

80 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے تاریخی ازٹیکا اسٹیڈیم میں شاندار آتش بازی کی گئی جبکہ ورلڈ کپ ٹرافی کے بڑے ماڈل کے گرد رقاصوں نے دلکش پرفارمنس پیش کی۔ یہ وہی اسٹیڈیم ہے جہاں 1970 اور 1986 کے ورلڈ کپ کے فائنل کھیلے گئے تھے اور اس ایونٹ کے لیے اسے نئے انداز میں تزئین و آرائش کے بعد تیار کیا گیا ہے۔

تقریب کی خاص بات شکیرا اور برنا بوئے کا مشترکہ گانا “ڈائی ڈائی” تھا جو اس ٹورنامنٹ کا آفیشل گانا بھی ہے۔ اس پرفارمنس پر اسٹیڈیم تالیوں اور نعروں سے گونج اٹھا۔ اس سے قبل جے بالون اور اطالوی ٹینور آندریا بوچیلی سمیت دیگر فنکاروں نے بھی پرفارم کیا اور ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔

 فٹبال اسٹیڈیم میں شکیرا اور برنا بوئے کی زبردست پرفارمنس نے دنیا بھر کے شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔

میکسیکو میں کھیلے جانے والے افتتاحی میچ سے قبل تین افتتاحی تقریبات میں سے پہلی تقریب یہیں منعقد کی گئی جس نے ایونٹ کے آغاز کو یادگار بنا دیا۔

تقریب کے دوران شکیرا اور برنا بوئے نے ورلڈ کپ کا آفیشل گانا “ڈائی ڈائی” پیش کیا۔ شکیرا کی شاندار انٹری سے قبل روایتی رقص کے ذریعے میکسیکو نے ورلڈ کپ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔اس موقع پر میکسیکن بینڈ مانا، وینزویلا کے گلوکار ڈینی اوشین اور جے بالوین نے بھی اپنی پرفارمنس سے تقریب کو مزید رنگین بنا دیا۔

ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان میکسیکو اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں ۔واضح رہے کہ مشترکہ میزبان ممالک کینیڈا اور امریکا میں بھی اپنے پہلے میچ سے قبل افتتاحی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔

تماشائیوں نے افتتاحی تقریب کو شاندار قرار دیا۔ ایک مداح ان اوروزکو نے کہا کہ یہ میکسیکو میں ایک بڑی خوشی کا لمحہ ہے جبکہ ایک نوجوان گسٹا وو رامیرز کے مطابق یہ تجربہ حیرت انگیز تھا۔

تاہم اسٹیڈیم سے باہر میکسیکو سٹی کے مرکزی علاقے میں صورتحال کشیدہ رہی جہاں ہزاروں شائقین ورلڈ کپ فین زون میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دھکم پیل کا شکار ہوئے۔ سیکیورٹی رکاوٹوں اور احتجاجی مظاہروں کے باعث داخلے میں مشکلات پیش آئیں۔ حکام کو ہجوم کنٹرول کرنے کے لیے اعلانات کرنا پڑے اور بعض مقامات پر پولیس اور شائقین کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

مقامی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ فین زون مکمل طور پر بھر چکا ہے اور شائقین سے متبادل مقامات کا رخ کرنے کی اپیل کی گئی۔ اسی دوران شہر میں جاری اساتذہ کے احتجاج نے بھی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔

ان مشکلات کے باوجود افتتاحی تقریب اور اسٹیڈیم کے اندر کا ماحول ورلڈ کپ کے آغاز کو یادگار بنانے میں کامیاب رہا اور دنیا بھر میں شائقین کی توجہ اس تاریخی ایونٹ پر مرکوز ہو گئی۔