انگلینڈ میں مجرمانہ انکوائری،پاکستانی کرکٹر حیدر علی معطل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-08-2025
انگلینڈ میں مجرمانہ انکوائری،پاکستانی کرکٹر حیدر علی  معطل
انگلینڈ میں مجرمانہ انکوائری،پاکستانی کرکٹر حیدر علی معطل

 



اسلام آباد/لندن

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ کرکٹر حیدر علی کو انگلینڈ میں جاری مجرمانہ تحقیقات کے پیشِ نظر عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔پی سی بی نے اپنے بیان میں تحقیقات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم اس بات کی تصدیق کی کہ اسے حیدر علی کے خلاف گریٹر مانچسٹر پولیس کی جانب سے کی جانے والی مجرمانہ تفتیش سے آگاہی حاصل ہے۔

بورڈ کے مطابق یہ تحقیقات ایک مبینہ واقعے سے متعلق ہیں جو پاکستان شاہینز کے حالیہ دورۂ انگلینڈ کے دوران پیش آیا تھا۔پی سی بی نے وضاحت کی کہ شاہینز ٹیم پاکستان کی طرف سے دوسرے درجے کی بین الاقوامی کرکٹ میں نمائندگی کرتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا:"پاکستان کرکٹ بورڈ برطانیہ کے قانونی طریقہ کار اور انصاف کے عمل کا مکمل احترام کرتا ہے، اور تحقیقات کو ان کے مقررہ دائرہ کار میں چلنے دینے کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔"

اسی بنیاد پر پی سی بی نے حیدر علی کو فوری طور پر عارضی معطلی کا فیصلہ کیا ہے، جو تحقیقات مکمل ہونے تک نافذ العمل رہے گی۔

یاد رہے کہ حیدر علی نے 2020 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک پاکستان کے لیے دو ایک روزہ اور 35 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔پی سی بی نے یہ بھی بتایا کہ حیدر علی کو قانونی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔مزید کہا گیا کہ:"قانونی کارروائی مکمل ہونے اور تمام حقائق منظرعام پر آنے کے بعد، اگر ضرورت محسوس کی گئی تو پی سی بی اپنے ضابطہ اخلاق کے تحت مناسب تادیبی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔"ادھر ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق، گریٹر مانچسٹر پولیس نے تاحال اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔