کرکٹ۔ ہندوستان کا دورہ بنگلہ دیش 2026 تک ملتوی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 06-07-2025
کرکٹ۔  ہندوستان کا دورہ بنگلہ دیش 2026 تک ملتوی
کرکٹ۔ ہندوستان کا دورہ بنگلہ دیش 2026 تک ملتوی

 



 نئی ہلی ۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آئندہ ماہ شروع ہونے والی چھ میچوں پر مشتمل ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کو 2026 تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے سنیچر کو مشترکہ طور پر اس فیصلے کا اعلان کیا۔یہ سیریز، جس میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز شامل تھے، 17 اگست سے ڈھاکہ میں کھیلی جانی تھی۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس ڈھاکہ میں بڑے پیمانے پر عوامی احتجاج اور اُس وقت کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے باہمی تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیریز کو ’باہمی رضامندی‘ سے مؤخر کیا گیا ہے۔بیان میں مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ فیصلہ دونوں ٹیموں کے بین الاقوامی مصروف شیڈول اور دیگر کرکٹ سرگرمیوں کی وجہ سے کیا گیا ہے، تاہم اس کی مزید تفصیل بیان نہیں کی گئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ 2026 کے ستمبر میں ہندوستان کی میزبانی کے لیے پر امید ہے اور سیریز کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ڈھاکہ میں اس وقت بھی شیخ حسینہ کی سابقہ حکومت کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں شروع ہونے والی تحریک کے بعد وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے فرار ہو کر نئی دہلی پہنچی تھیں۔اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی اور اگست 2024 کے دوران شیخ حسینہ کی حکومت نے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، جس میں تقریباً 1,400 افراد جان سے گئے۔ اس دوران حکومت اقتدار برقرار رکھنے میں ناکام رہی۔توقع کی جا رہی ہے کہ بنگلہ دیش میں نئے انتخابات 2026 کے اوائل میں ہوں گے۔