کرکٹ گرو نواب علی : آسام نیشنل اسکول ایوارڈ کے حقدار بنے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 02-09-2026
کرکٹ گرو نواب علی : آسام نیشنل اسکول ایوارڈ کے حقدار بنے
کرکٹ گرو نواب علی : آسام نیشنل اسکول ایوارڈ کے حقدار بنے

 



عارف اسلام۔ گوہاٹی

جس طرح لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے مشہور کوچ آنجہانی رماکانت اچریکر کو ان کے بیٹے ارجن ٹنڈولکر کی کوچنگ کا موقع ملا۔ اسی طرح آسام کے نواب علی بھی خوش قسمت رہے کہ انہوں نے آسام کے سابق کپتان پراگ داس اور ان کے بیٹے ریان پراگ کو ابتدا ہی سے تربیت دی۔ ریان پراگ آسام کے پہلے بین الاقوامی کرکٹر ہیں جنہیں ہندوستانی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ریان پراگ نے بطور کھلاڑی شاید بہت زیادہ سنچریاں نہ بنائی ہوں۔ لیکن نواب علی نے آسام اور ہندوستانی کرکٹ کے لیے اس سے کہیں زیادہ سنچریاں تیار کی ہیں۔ سینکڑوں کھلاڑیوں کو تربیت دینے والے اس لیجنڈری کوچ کو آسام جاتیہ ودیالیہ ایجوکیشنل اینڈ سوشل اکنامک فاؤنڈیشن کی جانب سے 2026 کے آسام جاتیہ ودیالیہ سمان سے نوازا جائے گا۔

آسام جاتیہ ودیالیہ نے ایسے افراد کو اعزاز دینے کی روایت برقرار رکھی ہے جنہوں نے آسام کی سماجی زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ فاؤنڈیشن نے ہفتے کے روز ایک پریس کانفرنس میں 3 ممتاز شخصیات کو 2026 کے آسام جاتیہ ودیالیہ سمان سے نوازنے کا اعلان کیا۔آسام کرکٹ کے ممتاز اور لیجنڈری کوچ نواب علی کے علاوہ معروف مصنف سماجی کارکن مترجم اور چائے کے کاشت کار دیبی پرساد باگروڈیا اور ایری ریشم کے ماہر اور دستکاری کے کاروباری نرموہن داس کو بھی اس اعزاز سے نوازا جائے گا۔

’کرکٹ کے نواب‘ نے سیکڑوں کھلاڑی تیار کیے

آواز دی وائس کے ساتھ ایک انٹرویو میں لیجنڈری کوچ نواب علی نے اس اعزاز پر آسام جاتیہ ودیالیہ کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آسام جاتیہ ودیالیہ ریاست کے نمایاں اور بہترین اسکولوں میں سے ایک ہے اور وہ اس اعزاز سے نوازے جانے پر خوش ہیں۔نواب علی کو ’کرکٹ کے نواب‘ بھی کہا جاتا ہے۔ انہوں نے آسام کے لیے کھیلنے والے زیادہ تر فرسٹ کلاس کرکٹرز کو تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کی تربیت سے 50 سے زیادہ فرسٹ کلاس کھلاڑی سامنے آئے جنہوں نے رنجی ٹرافی دیودھر ٹرافی دلیپ ٹرافی سمیت مختلف بڑے مقابلوں میں آسام کی نمائندگی کی۔ اس کے علاوہ قومی سطح کی مختلف عمر کیٹیگریز میں 100 سے زیادہ کھلاڑی بھی ان کی تربیت سے آگے بڑھے۔

نواب علی نے صرف پراگ داس اور ریان پراگ کی تربیت نہیں کی بلکہ آسام کے سابق کرکٹرز سید زکریا جعفری نشانت بردولوئی بسواجیت چودھری گوتم شرما اور جاوید زمان سمیت کئی کھلاڑیوں کو بھی کوچنگ دی۔ آج وہ ان کھلاڑیوں کی دوسری نسل کے بچوں کو بھی تربیت دے رہے ہیں۔60 کی دہائی میں پہنچ چکے نواب علی آج بھی فٹ اور پرسکون نظر آتے ہیں۔ 1985 سے وہ گوہاٹی کے نہرو اسٹیڈیم میں گوہاٹی کرکٹ ٹریننگ سینٹر چلا رہے ہیں اور ان کے مطابق انہوں نے آج تک ایک بھی تربیتی سیشن نہیں چھوڑا۔

15 سال کی عمر میں شروع کیا کرکٹ کا سفر

نواب علی نے 1978 میں صرف 15 سال کی عمر میں کرکٹ کا سفر شروع کیا۔ انہوں نے اس وقت بی سی سی آئی ایسٹ زون کے کوچ ایڈول بی ایبارا سے تربیت حاصل کی۔ 1981-82 اور 1983-84 میں انہوں نے سی کے نائیڈو ٹرافی اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ میں آسام کی نمائندگی بھی کی۔بچپن ہی سے نواب علی کو کھیلوں کی تنظیم اور تربیت میں خاص دلچسپی تھی۔ 1984 میں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے کوچ بیرندر کمار شرما کے تحت آسام اسٹیٹ اسپورٹس کونسل کے ایک کیمپ میں تربیت حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کوچنگ کے میدان میں قدم رکھا۔

وہ بتاتے ہیں کہ بیرندر کمار شرما کے گوہاٹی سے تبادلے کے بعد 1985 تک نہرو اسٹیڈیم کے ایک کونے میں تربیتی مرکز شروع کیا گیا۔ تربیت حاصل کرنے والوں میں سب سے عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے کم عمر کھلاڑیوں کو تربیت دینا شروع کردی۔نواب علی نے 1992 سے ایک طویل عرصے تک گوہاٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن کی قیادت بھی کی۔ بعد میں اپنے ساتھی آنجہانی عبدالروب رتول داس اور اشرف الرحیم راجو سمیت دیگر افراد کی مدد سے اس تربیتی مرکز کو مکمل شکل دی گئی اور اس کا نام گوہاٹی کرکٹ ٹریننگ سینٹر رکھا گیا۔

30 کھلاڑیوں سے 350 تربیت یافتگان تک

آج گوہاٹی میں نہرو اسٹیڈیم موجود نہیں ہے۔ لیکن گزشتہ برس تک یہ باصلاحیت کرکٹرز کی تیاری کا ایک اہم مرکز تھا۔ جب نواب علی نے تربیتی مرکز شروع کیا تو یہاں 25 سے 30 کھلاڑی تربیت حاصل کرتے تھے۔ ان میں آسام کے سابق کپتان راجندر سنگھ ظاہر احمد اور بی سی سی آئی کے موجودہ سکریٹری دیوجیت شاکیہ بھی شامل تھے۔آج اس مرکز میں تقریباً 350 کھلاڑی کرکٹ کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔نواب علی کی تربیت سے سامنے آنے والے نمایاں کرکٹرز میں سید زکریا ظفری ابو نسیم احمد پراگ داس نشانت بردولوئی خانین شاکیہ ریان پراگ مریگن تکوکر پالاش جیوتی داس شیدیک عمران چودھری اور کئی دیگر نام شامل ہیں۔نواب علی کی کہانی صرف ایک کوچ کی کامیابی کی داستان نہیں بلکہ آسام میں کئی نسلوں کے کرکٹ خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی ایک طویل جدوجہد ہے۔