نیو یارک : امریکہ میں باسکٹ بال میچ کی فتح کے بعد ہونے والا جشن اس وقت افراتفری میں بدل گیا جب ایک ورلڈ کپ شٹل بس کو آگ لگا دی گئی اور ایک نوجوان گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ واقعہ مین ہیٹن میں ہفتے کی رات پیش آیا جب این بی اے ایونٹ میں نیویارک نِکس نے اپنے حریف کو شکست دی۔ اس کامیابی کے بعد شائقین بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منانے لگے۔
اس دوران کچھ افراد آتش بازی کرتے رہے اور نعرے لگا کر خوشی کا اظہار کیا، تاہم جلد ہی صورتحال بگڑنے لگی اور ہجوم میں انتشار پھیل گیا۔
رپورٹس کے مطابق اسی ہنگامہ آرائی کے دوران ورلڈ کپ کے شائقین کو لے جانے والی ایک شٹل بس کو آگ لگا دی گئی، جبکہ ایک نوجوان فائرنگ کے نتیجے میں زخمی بھی ہوا۔ پولیس کے مطابق تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
نیویارک نِکس نے اس میچ میں فتح حاصل کر کے 1973 کے بعد ایک اہم کامیابی اپنے نام کی۔ ٹیم اس سے قبل 1994 اور 1999 میں فائنل تک پہنچی تھی لیکن دونوں مواقع پر اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
جشن کے دوران ٹائمز اسکوائر کے قریب صورتحال مزید خراب ہوئی جہاں متعدد بسیں ہجوم میں پھنس گئیں۔ کچھ افراد بسوں پر چڑھ گئے جبکہ بعض نے اندر داخل ہو کر ڈرائیور کو ہٹا دیا۔
بعد ازاں ایک پیلی شٹل بس کو آگ لگا دی گئی، جسے عینی شاہدین نے شعلوں کی لپیٹ میں دیکھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دیگر بسوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، تاہم مکمل تفصیلات اور مزید زخمیوں کی تصدیق جاری ہے۔