بنگلور بھگدڑ: لاشیں دیکھ کر سچن تینڈولکر کا ٹوٹا دل

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-06-2025
بنگلور بھگدڑ: لاشیں دیکھ کر سچن تینڈولکر کا ٹوٹا دل
بنگلور بھگدڑ: لاشیں دیکھ کر سچن تینڈولکر کا ٹوٹا دل

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کی پہلی آئی پی ایل فتح کا جشن بدھ کے روز ایک دلخراش حادثے میں بدل گیا، جب چنا سوامی اسٹیڈیم کے باہر بھگدڑ مچنے سے 11 افراد جاں بحق اور 33 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب شائقین آر سی بی ٹیم کی آئی پی ایل 2025 کی ٹرافی جیتنے کی خوشی میں شریک ہونے جا رہے تھے۔ وزیراعلیٰ سدارمیا اور نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے بورنگ اسپتال کا دورہ کیا۔ ایک پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ نے 11 افراد کی ہلاکت اور 33 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔ انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کو 10-10 لاکھ روپے کا معاوضہ دینے اور زخمیوں کا حکومت کی جانب سے مفت علاج کرانے کا اعلان کیا۔ اس واقعے نے سابق کرکٹرز کو بھی جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔
’کرکٹ کے بھگوان‘ سمجھے جانے والے سچن تینڈولکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں جو کچھ ہوا وہ صرف افسوسناک نہیں بلکہ ناقابلِ برداشت ہے۔ میری ہمدردیاں تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ سب کے لیے سکون اور طاقت کی دعا کرتا ہوں۔
ہر بھجن سنگھ نے بھی پوسٹ میں لکھا کہ چنا سوامی اسٹیڈیم کے باہر بھگدڑ کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ اس واقعے میں کئی کرکٹ شائقین کی جان گئی اور کئی زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ کھیل کی اس روح پر سیاہ دھبہ ہے جو ملک بھر کے لاکھوں لوگوں کو ایک کرتا ہے۔ میں جان گنوانے والوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔
عرفان  پٹھان نے بھی سوشل میڈیا پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مداح کرکٹ اور ہماری زندگی کی روح ہیں۔ آج بنگلورو میں بھگدڑ کے دوران ہونے والی المناک اموات دل دہلا دینے والی ہیں۔ میری ہمدردیاں اس ناقابلِ تصور سانحے سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
ہندوستان کے سابق اوپنر شکھر دھون بھی اس واقعے سے شدید رنجیدہ ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ بنگلورو میں فتح پریڈ کے دوران بھگدڑ کی خبر سن کر دل ٹوٹ گیا۔ متاثرہ خاندانوں کے لیے دعا گو ہوں، امید ہے کہ سب محفوظ رہیں گے۔