مستفیض الرحمان کی کے کے آر سے اخراج کے بعد ہندوستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ سری لنکا منتقلی کا امکان

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 04-01-2026
    مستفیض الرحمان کی کے کے آر سے اخراج کے بعد  ہندوستان کے ٹی   ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ سری لنکا منتقلی کا امکان
مستفیض الرحمان کی کے کے آر سے اخراج کے بعد ہندوستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ سری لنکا منتقلی کا امکان

 



ممبئی:  ڈھاکہ بنگلہ دیش 4 جنوری اے این آئی کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے رجوع کرنے پر غور کر رہا ہے تاکہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے میچ بھارت سے منتقل کر کے سری لنکا میں کرائے جا سکیں۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے بی سی سی آئی کی ہدایت پر بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو اپنی ٹیم سے ریلیز کر دیا۔ ای ایس پی این کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کے بعد بی سی بی نے کھلاڑیوں کی سلامتی پر تشویش ظاہر کی ہے۔

مستفیض الرحمان کو تین بار کی آئی پی ایل چیمپئن کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے 2026 کے سیزن کے لیے 9.20 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ تاہم بنگلہ دیش میں مذہبی اقلیتوں کے خلاف مبینہ مظالم کے تناظر میں ان کی شمولیت پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ اس دباؤ کے بعد ہفتے کے روز بی سی سی آئی نے کے کے آر کو ہدایت دی کہ وہ بنگلہ دیشی فاسٹ بولر کو ریلیز کرے۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے اے این آئی کو بتایا کہ حالیہ پیش رفت کے پیش نظر کے کے آر کو مصطفیٰ کو ریلیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ اگر فرنچائز متبادل کھلاڑی چاہے تو اس کی اجازت دی جائے گی۔

بعد ازاں کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے ایک پریس ریلیز میں تصدیق کی کہ مستفیض الرحمان کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے اور یہ فیصلہ بی سی سی آئی کی ہدایات کے مطابق تمام ضابطہ جاتی تقاضے پورے کرتے ہوئے کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ آئی پی ایل قوانین کے مطابق کے کے آر کو متبادل کھلاڑی لینے کی اجازت دی جائے گی اور اس حوالے سے مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق بی سی بی جلد آئی سی سی کو خط لکھ کر کولکاتا میں کھلاڑیوں کی سلامتی سے متعلق خدشات سے آگاہ کرے گا جہاں بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں اپنے چار میں سے تین میچ کھیلنے ہیں۔ بنگلہ دیش گروپ سی کا حصہ ہے اور بھارت و سری لنکا میں مشترکہ طور پر ہونے والے اس ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اسے کولکاتا کے تاریخی ایڈن گارڈنز میں ویسٹ انڈیز اٹلی اور انگلینڈ کے خلاف تین میچ کھیلنے ہیں جبکہ ایک میچ نیپال کے خلاف ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 7 فروری سے ہوگا۔

بی سی بی کی جانب سے ہفتے کے روز زوم کے ذریعے ہونے والے ہنگامی بورڈ اجلاس کے بعد میڈیا کمیٹی کے چیئرمین امزاد حسین نے ای ایس پی این کرک انفو کو بتایا کہ چونکہ کولکاتا میں ہمارے تین میچ ہیں اس لیے آج جو کچھ ہوا ہے اس کے حوالے سے ہم آئی سی سی کو خط لکھیں گے۔

دریں اثنا بنگلہ دیش کے اسپورٹس ایڈوائزر آصف نذرال نے بھی سوشل میڈیا پر بھارت میں ٹیم کی سلامتی پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ وہ اس معاملے کو آئی سی سی کے سامنے اٹھانے کے لیے کرکٹ بورڈ کو ہدایت دیں گے۔ ان کے مطابق اگر ایک بنگلہ دیشی کرکٹر معاہدے کے باوجود بھارت میں نہیں کھیل سکتا تو پوری بنگلہ دیشی ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے خود کو محفوظ محسوس نہیں کر سکتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی سی بی کو آئی سی سی سے درخواست کرنی چاہیے کہ بنگلہ دیش کے ورلڈ کپ میچ سری لنکا میں کرائے جائیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ بی سی بی نے جمعے کے روز اس سال کے لیے اپنے ہوم سیزن کے شیڈول کا اعلان کیا تھا جس میں بھارت کے خلاف وائٹ بال سیریز بھی شامل ہے۔ یہ سیریز گزشتہ سال شیڈول تھی لیکن ملتوی کر دی گئی تھی۔