کوہلی کے نام بابر کا پیغام : ’ایک ہی دل ہے کتنی بار جیتو گے

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 15-07-2022
کوہلی کے نام بابر کا پیغام : ’ایک ہی دل ہے کتنی بار جیتو گے
کوہلی کے نام بابر کا پیغام : ’ایک ہی دل ہے کتنی بار جیتو گے

 

 

نئی دہلی : کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی ’خراب فارم‘ کی وجہ سے کافی عرصے سے تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں۔ وہ نومبر 2019 کے بعد سے بین الاقوامی کرکٹ میں سینچری اسکور نہیں کر سکے اور گذشتہ روز انگلینڈ کے خلاف میچ میں بھی محض 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ایک لمبے عرصے تک دنیائے کرکٹ کے نمبر ون کھلاڑی رہنے والے وراٹ کوہلی کے آؤٹ آف فارم ہونے پر جہاں ان کے مداح انہیں سپورٹ کر رہے ہیں وہیں کئی ناقدین اور کرکٹ فینز انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ’آرام‘ کرنے کا مشورہ بھی دے رہے ہیں۔

ایسے میں جب زیادہ تر لوگ انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، سرحد پار سے ان کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ایک پیغام گیا جس نے ہندوستانی اور پاکستانی کرکٹ صارفین کے دل جیت لیے۔

پاکتانی کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس کے کپتان اور عالمی نمبر ایک بلے باز بابر اعظم نے ٹوئٹر پر وراٹ کوہلی کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا: ’یہ وقت بھی گزر جائے گا۔ ڈٹے رہیں۔

اپنی ٹویٹ میں بابر اعظم نے وراٹ کوہلی کے نام کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

رات گئے کی گئی اس ٹویٹ کا سوشل میڈیا پر خوب چرچا ہوا اور دونوں پڑوسی ممالک میں وراٹ کوہلی اور بابر اعظم کا نام ٹرینڈ کرنے لگا

ہندوستان اور پاکستان میں کرکٹ کے مداحوں نے اس ٹویٹ کو ’سپورٹس مین سپرٹ کا بہترین مظاہرہ‘ قرار دیا اور بابر اعظم پر ’آن لائن پیار‘ نچھاور کرنے لگے۔

ایک پاکستانی ٹوئٹر صارف نے بابر اور کوہلی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تحریر کیا: ’سرحدوں نے تقسیم کیا، کرکٹ نے متحد کر دیا۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے بابر اعظم کی ٹویٹ کی تصویر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا: ’شاید یہ کرکٹ کے مداحوں کے لیے دہائی کی بہترین ٹویٹ ہے۔

پرشانت جھا نامی ٹوئٹر صارف نے تحریر کیا: ’پاکستان اور بھارت کو اکٹھے دیکھنے سے زیادہ خوشی کی بات کیا ہو گی۔ بابر اعظم، میری نظر میں آپ کی عزت بہت بڑھ گئی ہے۔

اسپورٹس صحافی وکرنت گپتا نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: ’بابر، آپ ہیرو ہیں۔