عالمی مکس باکسنگ میں ایاس محمد نے لہرایا کامیابی کا پرچم

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-08-2026
عالمی مکس باکسنگ میں ایاس محمد نے لہرایا کامیابی کا پرچم
عالمی مکس باکسنگ میں ایاس محمد نے لہرایا کامیابی کا پرچم

 



کالی کٹ (عبدالکریم امجدی )
مرکز پبلک اسکول بالوسری کے ہونہار طالب علم ایاس محمد نے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں منعقدہ ورلڈ مکس باکسنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کرکے اپنے اسکول اور ملک کا نام روشن کیا۔یہ بین الاقوامی چیمپئن شپ ورلڈ مکس باکسنگ فیڈریشن (WMBF) کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی، جس میں نو ممالک کے تقریباً 100 کھلاڑیوں نے مختلف زمروں میں حصہ لیا۔ ایاس محمد نے 10 تا 12 سالہ عمر کے زمرے اور 36 تا 38 کلوگرام وزن کی کیٹیگری میں حصہ لیتے ہوئے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے دوسری پوزیشن اور سلور میڈل اپنے نام کیا۔چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں کامیاب کھلاڑیوں کو میڈلز سے نوازا گیا۔ تقریب میں کھٹمنڈو کے ڈپٹی میئر اور ورلڈ مکس باکسنگ فیڈریشن کے بانی و سکریٹری راگیش ماسکر سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ایاس محمد کی اس کم عمری میں حاصل ہونے والی بین الاقوامی کامیابی پر مرکز انتظامیہ اور اسکول کے ذمہ داران سمیت اساتذہ نے انہیں دلی مبارک باد پیش کی اور ان کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایاس محمد اپنی محنت، عزم اور لگن کو جاری رکھتے ہوئے مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے اور ملک و قوم کے لیے مزید اعزازات کا باعث بنیں گے۔ایاس محمد کا یہ اعزاز نہ صرف ان کی ذاتی محنت اور صلاحیت کا ثمر ہ ہے بلکہ مرکز پبلک اسکول میں تعلیم کے ساتھ کھیلوں اور ہمہ جہت شخصیت سازی پر دی جانے والی توجہ کا بھی نمایاں مظہر ہے۔