سٹریلیا کے سابق مایہ ناز کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے بدھ کے روز شراب نوشی کے بعد گاڑی چلانے کے الزام میں اپنا جرم قبول کر لیا۔ڈیوڈ وارنر پر الزام ہے کہ وہ رواں سال اپریل میں سڈنی میں ایک وین چلا رہے تھے۔ پولیس نے انہیں روک کر سانس کے ذریعے الکحل کا ٹیسٹ کیا جس کے بعد انہیں گرفتار کر کے تھانے منتقل کیا گیا۔
سڈنی کی عدالت میں ان کے وکیل نے ڈیوڈ وارنر کی جانب سے شراب نوشی کے بعد گاڑی چلانے کی درمیانے درجے کی خلاف ورزی کے تحت جرم قبول کرنے کی درخواست جمع کرائی۔ڈیوڈ وارنر خود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ان کے وکیل بوبی ہِل نے سماعت کے دوران کہا کہ ہر انسان سے غلط فیصلے ہو سکتے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ اپنی غلطی کو تسلیم کیا جائے اور اس کی ذمہ داری قبول کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ کوئی شخص مزدور ہے۔ ڈاکٹر ہے یا دنیا کے بہترین اوپننگ بلے بازوں میں شمار ہوتا ہے، غلطی کا امکان سب کے لیے موجود ہوتا ہے۔ڈیوڈ وارنر کو اس معاملے میں 18 اگست کو سزا سنائی جائے گی۔ انہیں کم از کم 6 ماہ کے لیے ڈرائیونگ سے نااہل قرار دیے جانے، تقریباً 1500 امریکی ڈالر جرمانے اور زیادہ سے زیادہ 9 ماہ قید کی سزا کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے 2024 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ وہ اس وقت پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کراچی کنگز کے کپتان ہیں جبکہ آسٹریلیا کی ٹی 20 بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈر کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔ڈیوڈ وارنر نے اپنے شاندار کرکٹ کیریئر کے دوران آسٹریلیا کے لیے کئی یادگار اننگز کھیلیں اور دنیا کے بہترین اوپننگ بلے بازوں میں شمار کیے جاتے رہے ہیں۔