عاقب نبی ۔ جموں و کشمیر سے ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں منتخب ہونے والے پہلے کرکٹر بن گئے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 04-08-2026
عاقب نبی نے تاریخ رقم کر دی۔ جموں و کشمیر سے ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں منتخب ہونے والے پہلے کرکٹر بن گئے
عاقب نبی نے تاریخ رقم کر دی۔ جموں و کشمیر سے ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں منتخب ہونے والے پہلے کرکٹر بن گئے

 



نیو دہلی:  جموں و کشمیر کے 29 سالہ تیز گیند باز عاقب نبی کے لیے برسوں کی محنت آخرکار رنگ لے آئی۔ انہیں سری لنکا کے خلاف ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے زخمی جسپریت بمراہ کی جگہ ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ یہ ان کے بین الاقوامی کریئر کا پہلا موقع ہے اور طویل انتظار کے بعد انہیں قومی ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

کرکٹ حلقوں کا ماننا ہے کہ عاقب نبی کو یہ موقع پہلے ہی مل جانا چاہیے تھا کیونکہ گزشتہ دو رنجی ٹرافی سیزن میں ان کی کارکردگی غیر معمولی رہی ہے۔ انہوں نے مسلسل عمدہ گیند بازی کرتے ہوئے 100 سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں لیکن اس کے باوجود ابتدائی طور پر قومی ٹیم کے لیے ان کا انتخاب نہیں کیا گیا۔

رنجی ٹرافی میں شاندار کارکردگی

گزشتہ دو سیزن کے دوران عاقب نبی نے رنجی ٹرافی میں اپنی رفتار اور درست لائن و لینتھ سے بلے بازوں کو مسلسل پریشان کیا۔ صرف 2025۔26 کے سیزن میں انہوں نے 10 میچوں میں 60 وکٹیں حاصل کیں اور جموں و کشمیر کو اپنی تاریخ کا پہلا رنجی ٹرافی خطاب دلانے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

اس پورے سیزن میں انہوں نے سات مرتبہ ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ کرناٹک کے خلاف فائنل میں 54 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بلے سے بھی 245 رنز بنائے۔ ان کی آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث انہیں متفقہ طور پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔کوارٹر فائنل میں مدھیہ پردیش کے خلاف انہوں نے مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیمی فائنل میں بنگال کے خلاف 9 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔ سیزن کے پہلے میچ میں ممبئی کے خلاف بھی ان کی پانچ وکٹوں نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔

ہندوستان اے کے لیے بھی متاثر کن کارکردگی

عاقب نبی نے حالیہ سری لنکا دورے پر ہندوستان اے کی نمائندگی کرتے ہوئے بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ گال میں کھیلے گئے دو چار روزہ میچوں میں انہوں نے مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں جن میں ایک اننگز میں چار وکٹیں لینے کی کارکردگی بھی شامل تھی۔بی سی سی آئی کا بیان

ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر کے تیز گیند باز عاقب نبی کو پہلی مرتبہ سینئر قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ گزشتہ دو رنجی ٹرافی سیزن میں انہوں نے مجموعی طور پر 104 وکٹیں حاصل کیں جن میں 2025۔26 کے سیزن کی 60 وکٹیں شامل ہیں۔ ان کی شاندار گیند بازی نے جموں و کشمیر کو پہلی مرتبہ رنجی ٹرافی جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ وہ حالیہ دنوں میں سری لنکا کا دورہ کرنے والی ہندوستان اے ٹیم کا بھی حصہ رہے جہاں انہوں نے دو فرسٹ کلاس مقابلوں میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔

ہربھجن سنگھ نے انتخاب کی حمایت کی

ہندوستان کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے عاقب نبی کے انتخاب کو مکمل طور پر درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں جگہ حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عاقب نبی نے رنجی ٹرافی میں بے مثال محنت کی اور مسلسل وکٹیں حاصل کیں۔ ایسے کھلاڑی کو ضرور ہندوستان کے لیے کھیلنا چاہیے۔ صرف آئی پی ایل کی بنیاد پر ٹیسٹ ٹیم کا انتخاب نہیں ہونا چاہیے۔ اگر کوئی کھلاڑی محدود اوورز کی کرکٹ میں بہتر ہے تو پہلے اسے وہیں موقع دیا جائے اور بعد میں ٹیسٹ کرکٹ کے لیے اس کی اہلیت کا جائزہ لیا جائے۔

افغانستان ٹیسٹ کے لیے نظر انداز کیے گئے

غیر معمولی کارکردگی کے باوجود عاقب نبی کو جون میں افغانستان کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کے لیے منتخب نہیں کیا گیا تھا۔ اس کی جگہ غیر تجربہ کار تیز گیند باز پرنس یادو اور گرنور برار کو موقع دیا گیا جس پر کئی سابق کرکٹرز نے حیرت کا اظہار کیا۔اس وقت چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے کہا تھا کہ عاقب نبی مسلسل اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں اور ان پر غور کیا گیا تھا لیکن ہندوستان میں ٹیسٹ ٹیم منتخب کرتے وقت زیادہ تعداد میں تیز گیند باز شامل نہیں کیے جا سکتے۔ ان کے مطابق عاقب انتخاب کے بہت قریب تھے لیکن اس وقت تین دوسرے گیند بازوں کو ترجیح دی گئی۔

عرفان پٹھان نے سوال اٹھایا

ہندوستان کے سابق تیز گیند باز عرفان پٹھان نے سلیکشن کمیٹی کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اگر گھریلو کرکٹ کی کارکردگی واقعی اہمیت رکھتی ہے تو عاقب نبی کو افغانستان کے خلاف ضرور موقع ملنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ جب جسپریت بمراہ دستیاب نہیں تھے تو محمد سراج ٹیم کے مرکزی گیند باز تھے۔ ایسے میں افغانستان کے خلاف اس میچ میں عاقب نبی کو آزمانے کا بہترین موقع موجود تھا کیونکہ وہ مقابلہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ بھی نہیں تھا۔

نیٹ گیند باز سے قومی ٹیم تک

دلچسپ بات یہ ہے کہ افغانستان کے خلاف اسی ٹیسٹ میچ کے دوران عاقب نبی کو قومی ٹیم کے ساتھ بطور نیٹ گیند باز شامل کیا گیا تھا تاکہ وہ ہندوستانی بلے بازوں کو پریکٹس کرا سکیں۔ اس وقت اگرچہ انہیں پلیئنگ اسکواڈ میں جگہ نہیں ملی لیکن وہ قومی ٹیم کے ماحول سے واقف ہوئے۔اب وقت نے کروٹ لی ہے اور وہی عاقب نبی بطور نیٹ گیند باز نہیں بلکہ ہندوستانی ٹیم کے باقاعدہ رکن کے طور پر میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔

جموں و کشمیر کے لیے تاریخی لمحہ

فرسٹ کلاس کرکٹ میں 43 میچوں کے دوران 162 وکٹیں حاصل کرنے والے عاقب نبی اب جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے ان چند خوش نصیب کرکٹروں میں شامل ہو گئے ہیں جنہیں ہندوستانی قومی ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ 29 سالہ عاقب نبی کا تعلق کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ایک دور افتادہ گاؤں سے ہے۔ وہ جموں و کشمیر کے تیسرے کرکٹر بن گئے ہیں جنہیں سینئر ہندوستانی قومی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ اس سے قبل پرویز رسول اور عمران ملک جموں و کشمیر کی نمائندگی کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم تک پہنچے تھے، تاہم دونوں نے محدود اووروں کی کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کی۔

عاقب نبی نے گزشتہ دو رنجی ٹرافی سیزن میں مجموعی طور پر 104 وکٹیں حاصل کیں، جن میں 2025۔26 کے سیزن کی 60 وکٹیں بھی شامل ہیں۔ ان کی شاندار گیند بازی نے جموں و کشمیر کو تاریخ میں پہلی مرتبہ رنجی ٹرافی کا خطاب جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ صرف ایک مؤثر تیز گیند باز ہی نہیں بلکہ نچلے نمبر پر مفید بلے بازی کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں اور کئی مواقع پر اپنی ٹیم کے لیے اہم رنز بھی بنا چکے ہیں۔

حال ہی میں وہ ہندوستان اے ٹیم کے ساتھ سری لنکا کے دورے پر بھی گئے تھے، جہاں انہوں نے دو فرسٹ کلاس مقابلوں میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کر کے سلیکٹروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔دوسری جانب ہندوستانی ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا اس وقت لگا جب اہم تیز گیند باز جسپریت بمراہ گھٹنے کی انجری کے باعث سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے۔ ابتدا میں ان کے گھٹنے کی سوجن معمولی سمجھی جا رہی تھی، لیکن بعد کے طبی معائنے میں معلوم ہوا کہ مسئلہ توقع سے زیادہ سنگین ہے۔

بنگلورو میں واقع سینٹر آف ایکسی لینس کی کھیلوں کی طبی سائنس ٹیم نے آئندہ مصروف بین الاقوامی شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے بمراہ کو جلد بازی میں میدان میں اتارنے سے گریز کیا۔ ماہرین کی رائے تھی کہ مکمل صحت یابی کے بغیر ان کی واپسی مستقبل میں مزید پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے، اسی لیے انہیں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا اور ان کی جگہ عاقب نبی کو قومی ٹیم میں شامل کیا گیا۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ذاتی جدوجہد کا نتیجہ ہے بلکہ جموں و کشمیر کی کرکٹ کے لیے بھی ایک تاریخی لمحہ ہے۔ برسوں کی محنت۔ مسلسل عمدہ کارکردگی اور صبر کے بعد عاقب نبی نے یہ ثابت کر دیا کہ اگر عزم مضبوط ہو تو منزل ایک دن ضرور ملتی ہے۔