حیدرآباد: ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 9 ستمبر سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شروع ہوگا، جبکہ فائنل میچ 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ شائقینِ کرکٹ اس شیڈول کے اعلان کا بے چینی سے انتظار کر رہے تھے۔
ہندوستان کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حالیہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا، جس کے پیش نظر ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ کسی بھی قسم کی کرکٹ کھیلنے پر غور کرنے سے گریز کیا تھا۔ تاہم، جاری کردہ شیڈول کے مطابق ایشیا کپ میں روایتی حریفوں، ہندوستاناور پاکستان کے درمیان مقابلہ 14 ستمبر کو ہوگا۔
ٹیم انڈیا کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ کے حوالے سے اپنا ردعمل دیتے ہوئے ناراضی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا۔ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک میچ ضرور ہونا چاہیے، لیکن اگر ہم ان کے ساتھ دو طرفہ سیریز نہیں کھیل رہے تو ہمیں بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں بھی ان کے خلاف نہیں کھیلنا چاہیے۔اظہرالدین نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ سے اس بات کے قائل ہیں کہ یا تو مکمل تعلقات ہوں یا بالکل ختم کر دیے جائیں۔ ان کے بقول اگر آپ دو طرفہ سیریز نہیں کھیل رہے تو پھر آپ کو بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں بھی شرکت سے گریز کرنا چاہیے۔ یہ میری ذاتی رائے ہے، لیکن حتمی فیصلہ حکومت اور کرکٹ بورڈ کا ہوگا۔یاد رہے کہ ہندوستاناور پاکستان کے درمیان آخری دو طرفہ سیریز 2012-13 میں کھیلی گئی تھی، جس کے بعد دونوں ٹیمیں صرف بین الاقوامی ایونٹس میں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتری ہیں۔
حال ہی میں لیجنڈز ورلڈ چیمپئن شپ میں بھارتی کھلاڑی شیکھر دھون، ہربھجن سنگھ، سریش رائنا، عرفان پٹھان اور یوسف پٹھان نے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ یہ فیصلہ انہوں نے پہلگام حملے کے بعد احتجاجاً کیا، جس کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا۔
اس حوالے سے اظہرالدین کا کہنا تھا کہ ویٹرنز لیگ کوئی باضابطہ مقابلہ نہیں ہے۔ اسے نہ تو آئی سی سی نے اور نہ ہی بی سی سی آئی نے منظوری دی ہے۔ لیکن ایشیا کپ ایک آفیشل ٹورنامنٹ ہے، اس لیے اس پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے۔