دبئی متحدہ عرب امارات: موجودہ ٹی20 ورلڈ چیمپئن ہندوستان نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو اپنے ہی میدان پر 9 وکٹوں سے عبرتناک شکست دی۔ ہندوستان نے محض 58 رنز کا ہدف 4.3 اوورز (27 گیندوں) میں حاصل کر لیا۔
کلدیپ یادو (7 رنز دے کر 4 وکٹ) اور شیوَم دوبے (7 رنز دے کر 3 وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت یو اے ای کی پوری ٹیم صرف 13.1 اوورز میں 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اوپنر علیشان شرفو (22) اور کپتان محمد وسیم (19) ہی واحد بیٹسمین رہے جو دوہرے ہندسے میں داخل ہو سکے۔ ابھیشیک شرما اور نائب کپتان شبمن گل نے آغاز ہی سے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کو محض 4.3 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا۔
58 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ابھیشیک شرما نے وقت ضائع نہیں کیا اور آغاز میں ہی ایک چھکا اور چوکا لگایا۔ حیدر علی کی پہلی گیند، جو آف اسٹمپ سے باہر تھی، کو انہوں نے لمبے شاٹ کے ساتھ وائیڈ لانگ آف کے اوپر سے باؤنڈری کے پار بھیج دیا۔ اگلی ہی گیند پر انہوں نے ایک اور شاٹ کھیل کر ایکسٹرا کور کے اوپر چوکا لگایا۔ اگرچہ اگلی گیند پر وہ کیچ اینڈ بولڈ سے بال بال بچے، لیکن آخری دو گیندوں پر کوئی رن نہیں بنایا۔
اگلے اوور میں نائب کپتان شبمن گل نے 2 شاندار شاٹس کھیلتے ہوئے ہدف کا تقریباً آدھا حصہ پورا کر دیا۔ ایک کٹ شاٹ کے ذریعے چوکا اور پھر ڈیپ اسکوائر لیگ پر بہترین فلک مار کر اوور کا اختتام کیا۔ ہندوستان کا اسکور 25 ہوگیا۔
تیسرے اوور میں ابھیشیک شرما نے دھروو پرشر کو نشانہ بنایا اور لانگ آف کے اوپر چھکا جڑنے کے بعد ایکسٹرا کور پر ایک اور چوکا لگایا، جس سے اسکور 38 تک پہنچ گیا۔
چوتھے اوور میں شبمن گل نے دو سنگل لینے کے بعد ابھیشیک نے ایک اور چھکا جڑ دیا، اس بار ڈیپ بیک ورڈ اسکوائر لیگ کے اوپر۔
ابھیشیک شرما کی اننگز 16 گیندوں پر 30 رنز (2 چوکے اور 3 چھکے) پر ختم ہوئی جب وہ بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں جُنید صدیقی کی گیند پر حیدر علی کو کیچ دے بیٹھے۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور 48/1 تھا۔
سوریا کمار یادو نے کریز پر آتے ہی پہلی گیند پر اپنا مشہور شاٹ کھیلتے ہوئے فائن لیگ پر چھکا لگایا، جس کے ساتھ ہی ہندوستان کا اسکور 50 ہوگیا۔
شبمن گل نے لانگ آن پر چوکا لگا کر میچ کا اختتام کر دیا۔ انہوں نے محض 9 گیندوں پر 20 رنز (2 چوکے اور ایک چھکا) بنائے، جبکہ سوریا کمار 2 گیندوں پر 7 رنز (ایک چھکے کی مدد سے) ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل ہندوستانی گیند بازوں نے شاندار مظاہرہ کیا اور یو اے ای کے بلے بازوں کو بے بس کر دیا۔ لیفٹ آرم اسپنر کلدیپ یادو نے شاندار کارکردگی دکھائی، جبکہ شیوَم دوبے نے بھی صرف 4 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ یو اے ای کی ٹیم 57 رنز پر آل آؤٹ ہوئی، جو ٹی20 ایشیا کپ کی تاریخ کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔ اس سے پہلے 2022 میں ہانگ کانگ نے پاکستان کے خلاف صرف 38 رنز بنائے تھے۔
ہندوستان کو مسلسل 15 بار ٹاس ہارنے کے بعد بالآخر جیت نصیب ہوئی، اور کپتان سوریا کمار یادو نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ خشک پچ پر گھاس کی ہلکی تہہ کلدیپ کے لیے بہترین ثابت ہوئی۔
ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ نے نئی گیند کے ساتھ بولنگ شروع کی۔ علیشان شرفو اور کپتان محمد وسیم نے جارحانہ انداز اپنایا۔ شرفو نے چند خوبصورت باؤنڈریز لگائیں اور 22 رنز بنائے، لیکن بمراہ کی یارکر نے انہیں بولڈ کر دیا۔ اس کے بعد کلدیپ یادو اور ورون چکرورتی نے یو اے ای کے بیٹسمینوں کو تیزی سے پویلین کی راہ دکھائی۔
یو اے ای کا اسکور 41/2 سے 53/7 پر جا گرا۔ کلدیپ نے ایک ہی اوور میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ شیوَم دوبے نے بھی اہم کامیابیاں حاصل کیں۔
مختصر اسکور:
یو اے ای: 57 (علیشان شرفو 22، محمد وسیم 19، شیوَم دوبے 3/4، کلدیپ یادو 4/7)
ہندوستان: 60/1، 4.3 اوورز میں (ابھیشیک شرما 30، شبمن گل 20، جُنید صدیقی 1/16)
ہندوستان اب اپنا اگلا میچ اتوار کو اسی میدان پر پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔ (