نئی دہلی :ایشیا کپ ٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ 2026 کے تمام میچز متحدہ عرب امارات کے دو بڑے شہروں، دبئی اور ابوظبی میں کھیلے جائیں گے۔ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلہ 14 ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔
یاد رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سیاسی کشیدگی کے سبب دونوں ٹیموں کے درمیان باہمی سیریز طویل عرصے سے بند ہے، اور ان کے میچز زیادہ تر غیر جانبدار مقامات پر، خاص طور پر متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوتے رہے ہیں۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز 9 ستمبر کو ابوظبی میں ہوگا، جبکہ فائنل میچ 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
کل 19 میچز پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں شرکت کریں گی، جبکہ گزشتہ ایڈیشن میں 6 ٹیمیں شامل تھیں۔ دبئی میں 11 اور ابوظبی میں 8 میچز کھیلے جائیں گے۔
افتتاحی میچ افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے کہا ہے کہ "یو اے ای میں ٹورنامنٹ کی میزبانی کا مطلب ہے کہ کرکٹ کی دنیا ایک بار پھر ایک پُرجوش اور عالمی معیار کے ایونٹ کا مشاہدہ کرے گی۔"انہوں نے مزید کہا کہ "دبئی اور ابوظبی نہ صرف کھلاڑیوں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کرتے ہیں بلکہ شائقین اور نشریاتی اداروں کو بھی اعلیٰ تجربہ پیش کرتے ہیں۔"
ٹورنامنٹ میں گروپ اے میں دفاعی چیمپئن ہندوستان، پاکستان، متحدہ عرب امارات اور عمان شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔